پاکستان انڈر 19 ٹیم کی ایشیا کپ میں شاندار کامیابی کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کھلاڑیوں کے لیے بڑے انعامات کا اعلان کر دیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے انڈر 19 کھلاڑیوں سے دبئی میں خصوصی ملاقات کی، جس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔
محسن نقوی نے ایشیا کپ جیتنے کی خوشی میں ہر کھلاڑی کے لیے 50،50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب جنگجو ہیں، آپ نے پاکستان کا نام فخر سے بلند کیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے سمیر منہاس کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ سمیر منہاس آپ ہمارا فخر ہیں، آپ نے بہترین کھیل پیش کیا۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے سمیر منہاس کے لیے انفرادی اعلان بھی کیا اور کہا کہ ایشیا کپ میں بہترین پرفارمنس پر ان کے آئندہ دو سال کے تمام اخراجات پاکستان کرکٹ بورڈ برداشت کرے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید یقین دہانی کروائی کہ تمام انڈر 19 کھلاڑیوں کے میڈیکل اور فلاح و بہبود کا پاکستان کرکٹ بورڈ مکمل خیال رکھے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے ایمرجنگ ایشیا کپ جیتنے پر ہر کھلاڑی کے لیے 50،50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔











