اہم ترین

اوَتار فرنچائز: سینما کی تاریخ کے سب سے زیادہ ریکارڈز کی مالک

جیمز کیمرون کی شہرۂ آفاق فلم اوَتار نے 2009 میں ریلیز ہوتے ہی فلمی تاریخ کے درجنوں ریکارڈ توڑ دیے تھے، اور حیرت انگیز طور پر آج بھی کئی عالمی ریکارڈز اس کے نام ہیں۔ 2022 میں آنے والی دوسری فلم دی وے آف دی واٹر نے بھی اسی شاندار روایت کو آگے بڑھایا، جبکہ اب تیسری فلم فائر اینڈ ایش کی ریلیز کے ساتھ اوَتار فرنچائز ایک بار پھر ریکارڈز کی دنیا میں چھائی ہوئی ہے۔

اوَتار دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہے، جس نے عالمی باکس آفس پر تقریباً 2 ارب 92 کروڑ ڈالر سے زائد کا بزنس کیا۔ یہ نہ صرف سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پی جی 13، تھری ڈی، ایکشن اور سائنس فکشن فلم ہے بلکہ یہ پہلی فلم بھی تھی جس نے 2 ارب ڈالر سے زیادہ کمائی کا سنگِ میل عبور کیا۔

فلم نے یکم جنوری 2010 کو بھی نیا ریکارڈ قائم کیا جب اس نے ایک دن میں 2 کروڑ 52 لاکھ ڈالر کمائے، جو نیو ایئر ڈے پر سب سے زیادہ کمائی کا اعزاز ہے۔

اوَتار کو فلمی تاریخ کی سب سے مہنگی فلم بھی قرار دیا جاتا ہے، جس کا بجٹ 42 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھا۔ فلم میں موشن کیپچر ٹیکنالوجی کا سب سے بڑا استعمال کیا گیا، جہاں 80 اداکاروں کی موشن کیپچر کی گئی اور نیوزی لینڈ میں دنیا کا سب سے بڑا موشن کیپچر اسٹیج استعمال ہوا۔

اوَتار پہلی تھری ڈی فلم تھی جس نے بہترین سینماٹوگرافی کا آسکر جیتا اور یہ تاریخ کی سب سے تیزی سے فروخت ہونے والی بلو رے ڈسک بھی بنی۔

دوسری فلم دی وے آف دی واٹر نے پانی کے اندر موشن کیپچر کے شعبے میں نئے ریکارڈ قائم کیے۔ فلم کے لیے 18 ماہ میں تقریباً ڈھائی لاکھ غوطے لگائے گئے۔ اداکاروں نے بغیر آکسیجن کے طویل وقت تک پانی میں کام کرنے کی خصوصی تربیت حاصل کی۔

اداکارہ کیٹ ونسلٹ نے اس فلم میں 7 منٹ 15 سیکنڈ تک سانس روک کر اسکرین پر اداکاری کا عالمی ریکارڈ قائم کیا، جبکہ زوئی سالڈانا نے 2 ارب ڈالر سے زیادہ کمائی کرنے والی سب سے زیادہ فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ کا اعزاز حاصل کیا۔

اوَتار سیریز اب اوسطاً فی فلم سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلمی فرنچائز بھی بن چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق نئی فلم فائر اینڈ ایش اس ریکارڈ کو مزید مضبوط کر سکتی ہے۔

پاکستان