امریکی ریاست آرکنساس کے شہر لِٹل راک کے مضافات میں رہنے والے ایک خوش قسمت انسان نے امریکی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا پاوربال جیک پاٹ جیت کر دنیا کو دنگ کر دیا۔
امریکی میڈیا کےمطابق محض 2 ڈالر کے لاٹری ٹکٹ نے کرسمس کی شام 1.817 بلین ڈالر کی رقم جیت کر فاتح کو ارب پتی بنا دیا۔ یہ رقہم پاکستانی کرنسی میں 505 اربروپے سے زیادہ بنتی ہے۔
یہ جیک پاٹ گزشتہ تین ماہ سے بڑھ رہا تھا کیونکہ کسی بھی ٹکٹ ہولڈر کے نمبرز نہیں مل سکے تھے۔ آخرکار قرعہ اندازی میں فاتح کے ٹکٹ کے نمبر 04، 25، 31، 52، 59 اور پاوربال نمبر 19 نکلے، جس نے تمام توقعات کو پیچھے چھوڑ دیا۔
آخری لمحات میں فروخت ہونے والے ٹکٹس نے جیک پاٹ کو پہلے سے کہیں زیادہ بڑھا دیا اور یہ 2025 کا سب سے بڑا پاوربال انعام بن گیا۔
فاتح کو ایک بار میں نقد رقم لینے کا آپشن بھی دیا گیا ہے، جو 834.9 ملین ڈالر ہے۔ پاوربال پروڈکٹ گروپ کے چیئرمین میٹ اسٹراؤن نے اسے زندگی بدل دینے والا انعام قرار دیا۔
امریکا کی تاریخ میں سب سے بڑا جیک پاٹ 2022 میں کیلیفورنیا میں جیتا گیا تھا، جو 2.04 ارب ڈالر کا تھا۔
یہ کہانی صرف ایک خوش قسمت شہری کی نہیں بلکہ ہر اس شخص کے لیے حوصلہ افزا لمحہ ہے جو خوابوں کی دنیا میں جیت کے لیے امید رکھتا ہے۔











