پاکستان کرکٹ کے لیے تشویشناک خبر سامنے آ گئی ہے۔ بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی کرنے والے قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے ہیں، جس کے بعد شائقینِ کرکٹ اور پاکستان کرکٹ بورڈ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
برسبین ہیٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایڈیلیڈ سے ٹیم کی واپسی پر شاہین آفریدی کا دوبارہ تفصیلی طبی معائنہ کیا جائے گا تاکہ انجری کی نوعیت اور شدت کا تعین کیا جا سکے۔ تاہم ابتدائی رپورٹس کے مطابق شاہین کو گھٹنے میں تکلیف لاحق ہے، جس کے باعث ان کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
دوسری جانب باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مدِنظر رکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کسی قسم کا رسک لینے کے موڈ میں نہیں۔ پی سی بی نے اسٹار فاسٹ بولر کو فوری طور پر وطن واپس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ بروقت علاج اور مکمل بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کی واپسی کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ان کے لیے خصوصی ری ہیب پروگرام ترتیب دیا جائے گا، جس میں فزیو تھراپسٹ، ٹرینرز اور میڈیکل ماہرین کی نگرانی شامل ہوگی۔ پی سی بی اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ شاہین مکمل فٹ ہو کر عالمی ایونٹ میں پاکستان کی قیادت اور بولنگ اٹیک کی ریڑھ کی ہڈی بن سکیں۔
شاہین آفریدی کی انجری نے نہ صرف برسبین ہیٹ بلکہ پاکستانی شائقین کو بھی پریشان کر دیا ہے، کیونکہ قومی ٹیم کے لیے ان کی موجودگی فیصلہ کن حیثیت رکھتی ہے۔ اب سب کی نظریں ان کے میڈیکل رپورٹس اور صحتیابی پر مرکوز ہیں۔











