نیا سال 2026 بس چند دنوں کی دوری پر ہے اور اس موقع پر دنیا کے مقبول ترین انسٹنٹ میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے صارفین کے لیے خصوصی فیچرز متعارف کرا دیے ہیں۔ نئے سال کے موقع پر واٹس ایپ سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپس میں شامل ہوتا ہے، جہاں لوگ پیغامات، کالز اور ویڈیو چیٹس کے ذریعے ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہیں۔
واٹس ایپ کے مطابق یہ پلیٹ فارم روزانہ دنیا بھر میں 100 ارب سے زائد میسجز اور تقریباً 2 ارب کالز کو ہینڈل کرتا ہے، جبکہ نئے سال کے دن یہ سرگرمی مزید بڑھ جاتی ہے۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے واٹس ایپ نے 2026 کے لیے خصوصی اسٹیکر پیک، ویڈیو کال ایفیکٹس، اینیمیٹڈ ری ایکشنز اور پہلی بار اینیمیٹڈ اسٹیٹس اسٹیکرز متعارف کرا دیے ہیں۔
نئے فیچرز میں 2026 تھیم پر مبنی اسٹیکرز شامل ہیں، جو نئے سال کی مبارکباد کو مزید دلکش بناتے ہیں۔ ویڈیو کال کے دوران صارفین آتش بازی، کنفیٹی اور اسٹار اینیمیشن جیسے ایفیکٹس کا استعمال کر سکتے ہیں۔ کنفیٹی ایموجی پر ری ایکشن دینے سے خصوصی اینیمیٹڈ ری ایکشن بھی نظر آئیں گے، جبکہ اسٹیٹس سیکشن میں پہلی بار اینیمیٹڈ اسٹیکرز شامل کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ نئے سال کی پلاننگ کے لیے گروپ چیٹس میں ایونٹ کری ایٹ، پولز، لوکیشن شیئرنگ اور وائس و ویڈیو نوٹس جیسے ٹولز بھی صارفین کے لیے نہایت مفید ثابت ہوں گے۔











