نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر گلین فلپس نے ایک بار پھر کرکٹ شائقین کو حیران کر دیا، جب انہوں نے سپر اسمیش ٹی ٹوئنٹی میں دائیں ہاتھ کے بلے باز ہوتے ہوئے اچانک بائیں ہاتھ سے بیٹنگ شروع کر دی اور پہلا ہی شاٹ شاندار چھکے کی صورت میں باؤنڈری کے پار پہنچا دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فلپس نے غلط اینڈ پر جا کر اسٹرائیک بھی لے لی، گویا لمحہ بھر کو وہ خود بھی بھول گئے ہوں کہ وہ دائیں ہاتھ کے بیٹر ہیں۔
گلین فلپس اپنی غیر روایتی حرکات کے لیے پہلے ہی مشہور ہیں۔ 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نان اسٹرائیکر اینڈ پر دوڑ لگانے کے منفرد انداز سے لے کر اب بائیں ہاتھ کی بیٹنگ تک، فلپس مسلسل نئی راہیں نکال رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ برسوں سے بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کی پریکٹس کر رہے ہیں تاکہ بائیں ہاتھ کے اسپنرز کے خلاف بہتر حکمتِ عملی اپنا سکیں۔
What a shot that was for 6 runs , Take a bow of Left handed Glenn Phillips 🙇 pic.twitter.com/y1jJ6OOOLG
— 𝐑 𝐈 𝐓 𝐈 𝐊 (@Dhoni_Tweetz) December 30, 2025
فلپس کے مطابق، زیادہ تر ٹیموں میں بائیں ہاتھ کے اسپنرز موجود ہوتے ہیں اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں گیند کا بلے باز سے دور مڑنا اسپنر کے لیے فائدہ مند سمجھا جاتا ہے، اسی لیے انہوں نے اس چیلنج کو الٹا موقع میں بدلنے کی تیاری کی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ حربہ وقتی شو بازی نہیں بلکہ مستقبل کی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ بچپن سے بائیں ہاتھ سے کھیل سکتے تھے، مگر مستقل طور پر انداز بدلنے کے بجائے دائیں ہاتھ سے کھیلنا جاری رکھا۔ برسوں کی محنت اب رنگ لاتی دکھائی دے رہی ہے، اور فلپس کو امید ہے کہ بھارت کے دورے اور آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں یہ غیر معمولی صلاحیت ٹیم کے کام آئے گی۔











