آسٹریلیا کے سڈنی ٹیسٹ گراؤنڈ پر کھیلے جا رہے پانچویں اور آخری ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلوی اسٹار بلے باز اسٹیو اسمتھ نے ایسی تاریخی اننگ کھیل دی جس نے کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا۔
انگلینڈ کے خلاف میچ کے تیسرے دن اسٹیو اسمتھ نے اپنی 37ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کرتے ہوئے ایشز کا 96 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ انہوں نے انگلینڈ کے لیجنڈری بلے باز جیک ہابس کو پیچھے چھوڑ دیا۔
ریکارڈ جو 96 برس بعد ٹوٹا
اسٹیو اسمتھ نے ایشز سیریز میں اپنی 13ویں سنچری اسکور کی، جبکہ جیک ہابس نے اپنے کیریئر میں ایشز میں 12 سنچریاں بنائی تھیں۔
اب اس فہرست میں اسمتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ پہلے نمبر پر آج بھی عظیم ڈان بریڈ مین موجود ہیں، جنہوں نے ایشز میں 19 سنچریاں بنائی تھیں۔
ایشز میں سب سے زیادہ رنز کی بات کی جائے تو ڈان بریڈ مین 5028 رنز کےساتھ سب سے آگے ہیں۔ اسٹیو اسمتھ 3682 رنز ،جیک ہابس 3636 رنز پرتیسرےنمبرپرہیں۔
سچن تندولکر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
سڈنی میں سنچری بناتے ہی اسٹیو اسمتھ نے بھارت کے لیجنڈ سچن تندولکر کو بھی ایک خاص ریکارڈ میں پیچھے چھوڑ دیا۔
اسمتھ نے صرف 219 اننگز میں 37 سنچریاں مکمل کیں، جبکہ سچن نے یہ کارنامہ 220 اننگز میں انجام دیا تھا۔
تاہم سب سے تیز 37 ٹیسٹ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ اب بھی رکی پونٹنگ کے پاس ہے، جنہوں نے یہ اعزاز 212 اننگز میں حاصل کیا تھا۔
بطور کپتان بھی اسمتھ کا جلوہ
پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں قائم مقام کپتان بننے والے اسٹیو اسمتھ نے بطور کپتان اپنی 18ویں ٹیسٹ سنچری بنائی۔
ٹیسٹ کرکٹ میں کپتان کی حیثیت سے اسمتھ سے زیادہ سنچریاں صرف گریم اسمتھ، وراٹ کوہلی اور رکی پونٹنگ نے بنائی ہیں۔
حیران کن بات یہ ہے کہ کپتان کے طور پر اسٹیو اسمتھ کا اوسط 68 سے زائد ہے، جو انہیں ٹیسٹ کرکٹ کے کامیاب ترین کپتانوں میں شامل کرتا ہے۔
مجموعی طور پر اسٹیو اسمتھ کی یہ اننگ ایشز کی تاریخ کی یادگار اننگز میں شامل ہو گئی، جہاں تجربہ، صبر اور کلاس ہر لمحہ جھلکتی رہی۔











