دنیا کی سب سے بڑی پی سی بنانے والی کمپنی لینووو نے لاس ویگاس میں ہونے والے ٹیک سو سی ای ایس کے دوران اپنا نیا مصنوعی ذہانت پر مبنی اسسٹنٹ قیرا متعارف کرا دیا، جو صارف کو موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر اسمارٹ ڈیوائسز کے درمیان بغیر رکاوٹ ایک ہی تجربہ فراہم کرے گا۔
بیجنگ میں قائم لینووو اس وقت عالمی پی سی مارکیٹ میں 28 فیصد حصص کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ اس کے بعد ایچ پی (21.5 فیصد) اور ڈیل (14.5 فیصد) ہیں، یہ اعداد و شمار امریکی تحقیقی ادارے گارٹنر نے جاری کیے۔
صرف مواد نہیں، کام بھی کرے گا
لینووو کے مطابق قیرا محض سوالوں کے جواب یا مواد تیار کرنے تک محدود نہیں ہوگا، بلکہ یہ ایک خودمختار اے آئی ایجنٹ کے طور پر مختلف کام خود انجام دے سکے گا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد اپنے وسیع پروڈکٹ پورٹ فولیو کی طاقت کو نمایاں کرنا ہے۔
ہر ڈیوائس پر ایک ہی اے آئی
لینووو واحد بڑی کمپنی ہے جس کی مصنوعات لیپ ٹاپس، ٹیبلٹس، اسمارٹ فونز (موٹرولا برانڈ کے تحت)، سرورز اور حتیٰ کہ سپر کمپیوٹرز تک پھیلی ہوئی ہیں۔ موٹرولا کو لینووو نے 2014 میں خریدا تھا۔
اے آئی چشمہ اور اسمارٹ لاکٹ بھی پیش
نمائش کے دوران کمپنی نے کنیکٹڈ اسمارٹ چشمے اور ایک اے آئی سے لیس لاکٹ (پینڈینٹ) کا پروٹوٹائپ بھی دکھایا، جو صارف کی اجازت سے اہم لمحات ریکارڈ کر سکتا ہے۔ موٹرولا کی نمائندہ انجلینا گومز کے مطابق یہ ڈیوائس گفتگو محفوظ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اس منصوبے کو اے آئی پرسپیکٹیو کمپینئین کا نام دیا گیا ہے۔ لینووو کے نائب صدر لوکا روسی کے مطابق یہ لاکٹ کیمرہ اور مائیکروفون سے لیس ہے اور جو آپ دیکھتے اور سنتے ہیں، وہی یہ بھی دیکھتا اور سنتا ہے۔
ایک ڈیوائس سے دوسری تک، بغیر رکے
قیرا کے ساتھ صارف کی بات چیت لاکٹ سے شروع ہو کر اسمارٹ فون اور پھر لیپ ٹاپ پر مکمل ہو سکتی ہے، جبکہ اے آئی صارف کے سیاق و سباق کو یاد رکھتا ہے۔ یہ صارف کے دن کا خلاصہ بنا سکتا ہے، ای میلز لکھ کر بھیج سکتا ہے اور تصاویر منتخب کر کے سوشل میڈیا پر پوسٹ بھی کر سکتا ہے۔
مائیکروسافٹ سے مقابلہ نہیں
لینووو نے واضح کیا کہ وہ قیرا کو مائیکروسافٹ کوپائلٹ کا حریف نہیں بنا رہا، بلکہ موٹرولا اسمارٹ فونز میں کوپائلٹ کے انضمام کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
ٹیکنالوجی سے آگے، عملی فائدہ اصل چیلنج
ماہرین کے مطابق اب بڑی ہارڈویئر کمپنیوں کے لیے اصل امتحان یہ ہے کہ وہ جنریٹو اے آئی کے روزمرہ زندگی میں حقیقی فائدے ثابت کریں، نہ کہ صرف جدید ٹیکنالوجی کی نمائش کریں۔
جغرافیائی سیاست کے سائے میں بھی نمایاں موجودگی
امریکا اور چین کے درمیان جاری کشیدگی کے باوجود، لینووو سی ای ایس میں نمایاں نظر آنے والی واحد چینی کمپنی تھی۔ کمپنی نے اپنی تقریب کے لیے لاس ویگاس کے جدید اسفئیر وینیو کا انتخاب کیا۔
لینووو کے اعلیٰ حکام نے زور دیا کہ کمپنی کی زیادہ تر آمدن چین سے باہر سے آتی ہے اور اس کی قیادت میں کئی غیر ملکی ایگزیکٹوز شامل ہیں، جو اس کے عالمی تشخص کو اجاگر کرتے ہیں۔











