اہم ترین

شردھا کپور کی شادی ہونے والی ہے؟ اداکارہ کے جواب سے سوشل میڈیا میں ہلچل

سال 2026 کی شروعات کے ساتھ ہی بالی ووڈ میں شادی کی ایک بڑی خبر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔ بات ہو رہی ہے معروف اداکارہ شردھا کپور کی، جن کی ذاتی زندگی ایک بار پھر خبروں کا مرکز بن گئی ہے۔

شردھا کپور، جو اپنی سادگی اور شوخ مزاجی کے باعث مداحوں میں بے حد مقبول ہیں، حال ہی میں اپنی شادی سے متعلق ایک سوال کے جواب پر سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگیں۔

چندروز قبل شردھا کپور نے اپنے جیولری برانڈ کے لیے ایک پروموشنل ویڈیو شیئر کی۔ ویڈیو میں وہ ویلنٹائن ڈے کے آس پاس ہونے والے بریک اپس پر مزاحیہ انداز میں بات کرتی نظر آئیں۔

اسی ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں ایک صارف نے سوال کیا کہ شادی کب کروگی شردھا کپور جی؟۔۔ اس پر اداکارہ نے بلا جھجھک کہا کہ میں شادی ضرور کروں گی۔

بس پھر کیا تھا، یہ جواب آتے ہی سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں کا طوفان آ گیا۔ مداحوں نے نہ صرف مبارکباد دینا شروع کر دی بلکہ شادی کی پیشکشیں بھی آنے لگیں۔

شردھا کپور کا نام طویل عرصے سے اسکرپٹ رائٹر راہول مودی کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔ دونوں کو پہلی بار 2024 کے آغاز میں ممبئی میں ایک ڈنر ڈیٹ پر ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔ اس کے بعد سے دونوں اکثر ساتھ نظر آتے رہے ہیں۔

اگرچہ شردھا اور راہول نے کبھی اپنے رشتے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، لیکن انسٹاگرام پر ساتھ تصاویر اور عوامی مقامات پر موجودگی نے افواہوں کو مزید تقویت دی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دسمبر 2024 میں بریک اپ کی خبروں کے درمیان شردھا نے راہول کے ساتھ وڑا پاؤ ڈیٹ کی تصویر شیئر کر کے تمام افواہوں کو خود ہی رد کر دیا تھا۔

اگرچہ شردھا کپور نے شادی کی تاریخ یا دلہے کے نام کا اعلان نہیں کیا، مگر ان کے جواب نے یہ ضرور واضح کر دیا ہے کہ وہ شادی کے خیال سے دور نہیں۔ ایسے میں یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں کہ کیا واقعی 2026 میں شردھا کپور مودی خاندان کی بہو بننے جا رہی ہیں؟

فی الحال شردھا کپور نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے، مگر مداح بے صبری سے اس “خوشخبری” کے انتظار میں ہیں۔

پاکستان