اہم ترین

ہالی وڈ اداکار ول اسمتھ کا شاہ رخ خان کے ساتھ فلم کرنے کی خواہش کا اظہار

ہالی ووڈ کے عالمی شہرت یافتہ اداکار ول اسمتھ نے بالی ووڈ میں کام کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے بڑا انکشاف کیا ہے۔ ول اسمتھ کا کہنا ہے کہ وہ ہندی فلم انڈسٹری میں کام کرنا چاہتے ہیں اور ان کی سب سے بڑی خواہش ہے کہ شاہ رخ خان انہیں اپنی کسی فلم میں کاسٹ کریں۔

حال ہی میں دبئی میں نیشنل جیوگرافک کی سیریز ’پول ٹو پول ود ول اسمتھ‘ کے پریمیئر کے موقع پر ریڈ کارپٹ پر گفتگو کرتے ہوئے ول اسمتھ نے کہا کہ وہ پہلے بھی بالی ووڈ میں کام کرنے کے امکانات پر بات کر چکے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ماضی میں سلمان خان کے ساتھ ایک پروجیکٹ پر بات چیت ہوئی تھی، جس میں امیتابھ بچن کے شامل ہونے کی بھی گفتگو تھی، تاہم یہ منصوبہ حتمی شکل اختیار نہ کر سکا۔

ول اسمتھ کے مطابق سلمان خان کے ساتھ ان کی اچھی ہم آہنگی تھی اور دونوں ایک جیسے القابات بھی شیئر کرتے تھے، لیکن گزشتہ چند برسوں میں ہونے والی بات چیت کے باوجود کوئی پروجیکٹ فائنل نہ ہو سکا۔

انہوں نے خاص طور پر بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں شاہ رخ خان انہیں اپنی آنے والی کسی فلم میں شامل کریں۔

دوسری جانب شاہ رخ خان اس وقت اپنی نئی فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں۔ اس ایکشن تھرلر فلم میں دیپیکا پڈوکون، سہانا خان، ابھیشیک بچن، انیل کپور اور جیکی شراف بھی شامل ہیں۔

پاکستان