اہم ترین

انڈونیشیا میں چھوٹا مسافر طیارے پہاڑ سے ٹکرا کر تباہ: مسافر لاپتہ

انڈونیشیا میں چھوٹا مسافرطیارہ خراب موسم کے باعث پہاڑ سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔ طیارےکا ملبہ مل گیا ہے تاہم اس میں سوار مسافروں کا تاحال سراغ نہیں لگایا جاسکا۔

فرانس24 کےمطابق انڈونیشین ایئر ٹرانسپورٹ کا ٹربو پروپ طیارہ گزشتہ روز 17 جنوری کو یوگیاکارتا سے ماکاسار جاتے ہوئے ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد لاپتا ہو گیا تھا۔ ایک دن بعد مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے طیارے کے ملبے کے حصے دریافت کرلئے۔

ماکاسار سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے سربراہ محمد عارف انور کے مطابق برآمد ہونے والے ملبے میں طیارے کا مرکزی ڈھانچہ، پچھلا حصہ اور کھڑکیاں شامل ہیں۔ تاہم اس میں سوار 10 افراد اب تک لاپتہ ہیں۔ جن کی تلاش کے لیے فضائی ریسکیو یونٹ بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اولین ترجیح متاثرین کو تلاش کرنا ہے، اور ہمیں امید ہے کہ کچھ افراد کو بحفاظت نکالا جا سکے گا۔

حکام کے مطابق طیارہ بنتی مورونگ-بولوساراؤنگ نیشنل پارک میں واقع ماؤنٹ بولوساراؤنگ سے ٹکرا کر تباہ ہوا، جو ماکاسار شہر کے قریب واقع ہے۔ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں ایک ہزار سے زائد افراد حصہ لے رہے ہیں، جن میں فضائیہ، پولیس اور رضاکار شامل ہیں۔

مقامی فوجی کمانڈر بانگون ناوکو نے بتایا کہ دشوار گزار پہاڑی علاقہ اور شدید دھند ریسکیو کام میں بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

طیارے میں سوار افراد میں وزارتِ بحری امور و ماہی گیری کے تین سرکاری اہلکار اور سات عملے کے ارکان شامل تھے۔ وفاقی وزیر سکتی واہیو ترینگونو کے مطابق یہ اہلکار فضائی نگرانی کے ایک مشن پر تھے۔

انڈونیشیا ہزاروں جزیروں پر مشتمل ملک ہے، یہاں جلد سفر کے لئے فضائی وسائل پر بہت زیادہ انحصار کیا جاتا ہے، تاہم ملک میں فضائی حادثات کی شرح تشویشناک رہی ہے۔

پاکستان