اہم ترین

قومی اسمبلی میں انتخابات ترمیمی بل 2025 کثرت رائے سے منظور

قومی اسمبلی نے پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مری کی جانب سے پیش کردہ انتخابات ترمیمی بل 2025 کو کثرت رائے سے منظور کر لیا ہے۔

قومی اسمبلی میں منظور کئے گئے مجوزہ ترمیم کے تحت پارلیمنٹ کے آئندہ اراکین کے اثاثے اور واجبات ظاہر کرنے کا فیصلہ اب اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی منظوری سے کیا جائے گا۔ اس بل میں الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 138 میں تبدیلی کی تجویز دی گئی ہے، جس کے مطابق اثاثوں اور واجبات کے گوشواروں کی اشاعت سے متعلق قوانین میں ترمیم کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن اب بھی سرکاری گزٹ میں اثاثوں اور واجبات شائع کرنے کا پابند رہے گا، تاہم ترمیم کے تحت اثاثوں کی معلومات کے دائرہ کار کا تعین اور عوامی مفاد، گڈ گورننس، نجی زندگی اور سکیورٹی کے تحفظ کو مدنظر رکھا جائے گا۔ بل میں اثاثوں کی تفصیلات کے افشا میں توازن قائم رکھنے کی شرط بھی شامل ہے۔

مزید برآں، بل کے مطابق فلور کراسنگ پر رکن قومی اسمبلی کے خلاف ریفرنس سپریم کورٹ کے بجائے وفاقی آئینی عدالت کو جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد قانونی پیچیدگیوں کو کم کرنا اور شفافیت کے ساتھ توازن قائم رکھنا بتایا گیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے مطابق یہ بل عوامی مفاد اور اراکین کی ذاتی حفاظت کے درمیان توازن قائم کرنے کے لیے پیش کیا گیا، جبکہ الیکشن کمیشن کا مؤقف رہا کہ اصل سیکشن 138 میں اشاعت لازمی شرط ہے۔

پاکستان