اہم ترین

امریکا کی نئی حکمت عملی: ملک کے تحفظ اور چین پر توجہ، اتحادیوں کی مدد محدود

امریکی وزارت دفاع نے 2026 نیشنل ڈیفنس اسٹریٹجی (این ڈی ایس) دستاویز میں اعلان کیا ہے کہ امریکی فوج اب بنیادی طور پر وطن کی حفاظت اور چین کو روکنے پر توجہ دے گی، جبکہ یورپ اور دیگر علاقوں میں اتحادیوں کو زیادہ محدود مدد فراہم کرے گی۔

اے ایف پی کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہی میں امریکی انتظامیہ کی حکمت عملی پچھلی پالیسیوں سے نمایاں طور پر مختلف ہے۔ سابق صدر جو بائیڈن کی دور کی این ڈی ایس میں چین کو سب سے بڑا چیلنج اور روس کو “شدید خطرہ” قرار دیا گیا تھا، لیکن نئی دستاویز میں بیجنگ کے ساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات کی بات کی گئی ہے اور روس کو مسلسل لیکن قابل انتظام خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ دستاویز میں تائیوان کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا، جو چین کا دعویٰ کردہ علاقہ ہے۔

دستاویز کے مطابق امریکی افواج وطن کی دفاع اور انڈو پیسفک علاقے پر توجہ مرکوز کریں گی، جبکہ دیگر علاقوں میں اتحادی اپنی دفاع کی بنیادی ذمہ داری خود سنبھالیں گے اور ہمیں انہیں اہم لیکن محدود مدد فراہم کرنی ہوگی۔

اس کے علاوہ، نئی حکمت عملی میں سرحدی تحفظ کو قومی سلامتی کا حصہ قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کی بھرمار اور منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے سرحدیں بند کی جائیں گی۔

دستاویز میں ماحولیاتی تبدیلی کو خطرہ قرار دینے کا کوئی ذکر نہیں ہے، جو بائیڈن انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل تھا۔

نئی حکمت عملی میں لاطینی امریکہ کو اعلیٰ ترجیح دی گئی ہے اور “مونرو ڈاکٹرائن کا ٹرمپ کورولری” کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے تحت امریکہ مغربی نصف کرہ میں اپنی فوجی بالادستی بحال کرے گا تاکہ وطن کی حفاظت اور علاقائی اہم مقامات تک رسائی یقینی بنائی جا سکے۔

یہ حکمت عملی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد جاری کی گئی ہے۔ ٹرمپ نے لاطینی امریکہ میں فوجی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جن میں وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کی گرفتاری کے لیے ایک بڑی کارروائی شامل ہے۔ اس کے علاوہ منشیات کی سمگلنگ کے الزام میں 30 سے زائد کشتیوں پر حملے کیے گئے، جن میں 100 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔ انسانی حقوق کے گروپس اور بین الاقوامی ماہرین ان حملوں کو غیر قانونی اور شہریوں پر حملہ قرار دے رہے ہیں۔

یہ تبدیلیاں امریکی خارجہ اور دفاعی پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہیں، جس میں اتحادیوں سے زیادہ ذمہ داری سنبھالنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

پاکستان