جنوبی بھارتی فلم پُشپا 3 کی تیاریوں کا آغاز ہو چکا ہے اور پری پروڈکشن کے لیے آفس بھی قائم کر لیا گیا ہے۔ اس بار فلم میں رشمیکا مندانا (شری ولی) کے کردار کو غیر معمولی طور پر مضبوط کیا جا رہا ہے۔
بھارت کی ساؤتھ انڈسٹری کے سپر اسٹار الو ارجن کی بلاک بسٹر فرنچائز پُشپا کے تیسرے حصے کو لے کر شائقین میں بے چینی عروج پر ہے، تاہم یہ واپسی 2027 سے پہلے ممکن نظر نہیں آتی۔ اس وقت الو ارجن دو بڑے پروجیکٹس میں مصروف ہیں، ایک فلم وہ اٹلی کے ساتھ کر رہے ہیں جبکہ حال ہی میں لوکیش کنگراج کے ساتھ اپنی 23ویں فلم کا اعلان بھی کیا ہے۔
دوسری جانب پُشپا 3 سے جڑی تازہ معلومات نے شائقین کو چونکا دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کا پری پروڈکشن ورک شروع ہو چکا ہے اور اس مقصد کے لیے ایک خصوصی دفتر بھی کرائے پر لیا گیا ہے۔
کہانی میں اس بار سب سے بڑا موڑ رشمیکا مندانا کے کردار شری ولی کو لے کر آئے گا۔ اگر پہلے حصے میں الو ارجن مرکزی کردار تھے اور دوسرے حصے میں شری ولی کی اہمیت بڑھی، تو تیسرے حصے میں میکرز نے شری ولی کے کردار کو پُشپا راج کے تقریباً برابر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یعنی اب الو ارجن کو سب سے سخت ٹکر اپنے ہی گھر سے ملنے والی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پُشپا 3 میں شری ولی کی کہانی الگ سطح پر پیش کی جائے گی، جس میں ان کا کردار نہ صرف مضبوط بلکہ فیصلہ کن ہوگا۔ اس سے فرنچائز کی بدلتی ہوئی ڈائنامکس بھی واضح ہوں گی اور کہانی کو نیا رخ ملے گا۔
ادھر ایک اور بڑی خبر یہ ہے کہ سلمان خان کو بھی اس فرنچائز میں متعارف کروائے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اگرچہ ان کے کردار کی نوعیت پر ابہام ہے، تاہم قیاس آرائیاں ہیں کہ وہ ایک نیگیٹو یا گرے شیڈ کردار میں نظر آ سکتے ہیں، جو کہ فلم کی کشش کو کئی گنا بڑھا دے گا۔
واضح رہے کہ پُشپا 2 نے 2024 میں ریلیز ہو کر دنیا بھر میں 1871 کروڑ بھارتی روپے کا شاندار بزنس کیا تھا، جس کے بعد سے تیسرے حصے سے توقعات آسمان کو چھو رہی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پُشپا 3 شائقین کے لیے کون سے نئے دھماکے لے کر آتی ہے۔











