اہم ترین

آپ وائی فائی انٹر نیٹ سے پریشان ہیں تو راؤٹر پر آزمائیں موثر ٹوٹکے

اگر آپ کا وائی فائی انٹرنیٹ کنکشن بار بار بند ہو جاتا ہے، وائی فائی اچانک ڈسکنیکٹ ہو جاتا ہے یا دن کے مخصوص اوقات میں نیٹ چلنا مشکل ہو جاتا ہے تو اس کی بڑی وجہ نیٹ ورک کی سست رفتاری ہو سکتی ہے۔ تاہم گھبرانے کی ضرورت نہیں، چند آسان اقدامات سے آپ نہ صرف دوبارہ آن لائن آ سکتے ہیں بلکہ انٹرنیٹ اسپیڈ بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔

انٹرنیٹ بند ہو جائے تو سب سے پہلے کیا کریں؟

سب سے پہلے راؤٹر اور اپنے ڈیوائس کو ریبوٹ کریں۔ اگر تمام ڈیوائسز سے نیٹ غائب ہو جائے تو راؤٹر اور موڈیم کو بند کر کے دوبارہ آن کریں۔ اگر کسی ایک موبائل، ٹی وی یا کمپیوٹر میں مسئلہ ہے تو اسی ڈیوائس کو پاور سائیکل کریں۔

راؤٹر اور موڈیم کو درست طریقے سے ری اسٹارٹ کریں

راؤٹر کو مکمل طور پر پلگ سے نکالیں اور کم از کم 30 سیکنڈ انتظار کریں۔ پاور بٹن آن رکھیں تاکہ باقی بجلی خارج ہو جائے، پھر دوبارہ پلگ ان کر کے آن کریں۔ موڈیم اور راؤٹر کو مکمل کنیکٹ ہونے میں چند منٹ لگ سکتے ہیں۔

اگر تمام ڈیوائس آن ہونے کے باوجود انٹرنیٹ دستیاب نہ ہو تو راؤٹر ایپ یا ویب لاگ ان کے ذریعے انٹرنیٹ اسٹیٹس چیک کریں۔ اگر پھر بھی مسئلہ حل نہ ہو تو انٹرنیٹ سروس پرووائیڈر (آئی ایس پی) سے رابطہ کریں۔

ایتھرنیٹ کیبل بھی چیک کریں

اکثر مسئلہ خراب یا ڈھیلی ایتھرنیٹ کیبل کی وجہ سے بھی ہوتا ہے۔ کیبل کو دونوں سروں سے نکال کر دوبارہ لگائیں اور کسی کٹ یا خرابی کو چیک کریں۔ سستی اور کم معیار کی کیبل انٹرنیٹ اسپیڈ سست اور کنکشن غیر مستحکم بنا سکتی ہے۔ بہتر ہے کہ معیاری کیبل استعمال کریں اور ایک اضافی کیبل گھر میں رکھیں۔

راؤٹر کو صحیح جگہ رکھنا ضروری

وائی فائی سگنل مضبوط رکھنے کے لیے راؤٹر کو گھر کے درمیان، اونچائی پر اور کھلی جگہ رکھیں۔ راؤٹر کو کبھی بھی الماری، کیبنٹ یا ٹی وی کے پیچھے نہ رکھیں کیونکہ اس سے سگنل کمزور ہو جاتا ہے۔ اگر راؤٹر میں ایڈجسٹ ایبل اینٹینا ہے تو اس کی سمت بدل کر دیکھیں۔

اسپیڈ ٹیسٹ ضرور کریں

انٹرنیٹ سست ہونے کی وجہ کبھی کبھار ڈیوائس یا براؤزر بھی ہو سکتا ہے۔ اسپیڈ ٹیسٹ کے ذریعے معلوم کریں کہ آپ کو وہ اسپیڈ مل رہی ہے یا نہیں جس کے لیے آپ ادائیگی کر رہے ہیں۔ اگر اسپیڈ ٹھیک ہو لیکن براؤزر سست ہو تو کیچ کلئیر کریں، غیر ضروری پلگ ان بند کریں اور میل ویئر اسکین کریں۔

پاکستان