اہم ترین

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: بنگلا دیش ٹورنامنٹ سے باہر، اسکاٹ لینڈ شامل

آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے بنگلا دیشی ٹیم کو باضابطہ طور پر باہر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ میگا ایونٹ بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں فروری 2026 سے شروع ہو رہا ہے۔ بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

بنگاہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر بھارت میں میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ بی سی بی مسلسل اس بات پر زور دیتا رہا کہ اس کے میچز بھارت کے بجائے کسی اور ملک میں منتقل کیے جائیں، تاہم آئی سی سی نے ٹورنامنٹ قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے یہ مطالبہ مسترد کر دیا۔ آئی سی سی کا مؤقف تھا کہ تمام ٹیموں کو مقررہ وینیوز پر ہی کھیلنا ہوگا، جس کے بعد بنگلہ دیش کو ایونٹ سے باہر کرنے کا سخت فیصلہ کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے یہ فیصلہ ای میل کے ذریعے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کو آگاہ کر دیا ہے۔

بنگلا دیش کی عدم موجودگی کے بعد اسکاٹ لینڈ کو باضابطہ طور پر ٹورنامنٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ کو گروپ ’سی‘ میں رکھا گیا ہے، جہاں اب انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، نیپال، اٹلی اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔ اسکاٹ لینڈ کا انتخاب آئی سی سی رینکنگ کی بنیاد پر کیا گیا، کیونکہ وہ کوالیفائر مرحلے سے باہر ہونے والی ٹیموں میں سب سے بہتر پوزیشن پر تھی۔

اسکاٹ لینڈ اپنی مہم کا آغاز 7 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کرے گا، جبکہ 9 فروری کو اٹلی، 14 فروری کو انگلینڈ اور آخری گروپ میچ نیپال کے خلاف کھیلا جائے گا۔ یہ اسکاٹ لینڈ کا ساتواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہوگا۔ اس سے قبل وہ چھ ایڈیشنز میں 22 میچ کھیل چکا ہے، جن میں سے 7 میں اسے کامیابی ملی۔ اس بار اسکاٹ لینڈ کی ٹیم اس بڑے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم نظر آتی ہے۔

پاکستان