اہم ترین

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی اسکواڈ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، سلمان علی آغا قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

لاہور میں عاقب جاوید نے سلمان علی آغا اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے ساتھ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا اعلان کیا۔ اسکواڈ میں بابر اعظم، فخر زمان، محمد نواز، ابرار احمد اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں ، جو پاکستان کے تجربہ کار اور میچ ونر کھلاڑی سمجھے جاتے ہیں۔

فاسٹ بولنگ ڈیپارٹمنٹ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نسیم شاہ اور فہیم اشرف کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، جبکہ آل راؤنڈر شاداب خان بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

نوجوان ٹیلنٹ کو موقع دیتے ہوئے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ خواجہ نافع، سلمان مرزا، عثمان طارق اور عثمان خان کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

عاقب جاوید نے اسکواڈ کے اعلان کے موقع پر کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھرپور اور جامع انداز میں تیاری کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا انتخاب کمبی نیشن اور کنڈیشنز کو سامنے رکھ کر کیا گیا ہے تاکہ ہر شعبے میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔

عاقب جاوید نے مزید کہا کہ منتخب اسکواڈ میں تجربہ اور نوجوان صلاحیتوں کا بہترین امتزاج موجود ہے اور انہیں یقین ہے کہ یہ ٹیم ورلڈ کپ میں پاکستان کی مضبوط نمائندگی کرے گی۔

پاکستان