اہم ترین

سوشل میڈیا پر بچوں کی دماغی صحت خراب کرنے کا الزام: امریکی کمپنیوں کو مقدمے کا سامنا

امریکا میں سوشل میڈیا کمپنیوں کے خلاف ایک تاریخی اور فیصلہ کن مقدمہ اس ہفتے شروع ہونے جا رہا ہے، جو یہ طے کر سکتا ہے کہ آیا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو جان بوجھ کر بچوں اور نوجوانوں کو عادی بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا یا نہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کیلیفورنیا کی ریاستی عدالت میں جیوری کے انتخاب کا عمل منگل سے شروع ہوگا۔ اس مقدمے کو ’’بیل ویدر ٹرائل‘‘ قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس کا فیصلہ امریکا بھر میں دائر سینکڑوں دیگر مقدمات کی سمت متعین کر سکتا ہے۔

مقدمے میں دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میٹا (انسٹاگرام)، گوگل کی مالک کمپنی الفابیٹ (یوٹیوب) اور بائٹ ڈانس (ٹک ٹاک) کو فریق بنایا گیا ہے۔ حیران کن طور پر میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کی بطور گواہ عدالت میں پیشی بھی متوقع ہے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق سوشل میڈیا کمپنیوں پر الزام ہے کہ ان کے پلیٹ فارمز نے کم عمر صارفین کو اس حد تک عادی بنایا کہ وہ ڈپریشن، کھانے کی بیماریوں، ذہنی اسپتالوں میں داخلے اور حتیٰ کہ خودکشی جیسے سنگین نتائج سے دوچار ہوئے۔

کے جی ایم کی خفیہ شناخت سے 19 سالہ لڑکی نے مقدمہ دائر کیا ہے ، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کی لت کے باعث شدید ذہنی نقصان کا شکار ہوئی۔

مدعی کے وکلا نے اعتراف کیا ہے کہ وہ 1990 اور 2000 کی دہائی میں تمباکو انڈسٹری کے خلاف ہونے والی قانونی جنگ کی حکمت عملی اپنا رہے ہیں، جس میں کمپنیوں پر نقصان دہ پراڈکٹ فروخت کرنے کا الزام ثابت ہوا تھا۔

سوشل میڈیا وکٹمز لا سینٹر کے بانی میتھیو برگ مین کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی سوشل میڈیا کمپنی بچوں کو نقصان پہنچانے کے الزام پر جیوری کا سامنا کر رہی ہے۔ متاثرہ خاندان کا دنیا کی طاقتور ترین کمپنیوں کے سامنے عدالت میں کھڑا ہونا بذاتِ خود ایک بڑی فتح ہے۔

کمپنیوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ امریکی قانون کے تحت وہ صارفین کے پوسٹ کردہ مواد کی ذمہ دار نہیں۔ تاہم اس مقدمے میں الزام مواد نہیں بلکہ پلیٹ فارمز کے ڈیزائن اور الگورتھمز پر ہے، جنہیں جان بوجھ کر اس انداز میں بنایا گیا کہ بچے اسکرین سے نظریں نہ ہٹا سکیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں اسنیپ چیٹ نے اسی نوعیت کے ایک مقدمے سے بچنے کے لیے خفیہ معاہدہ کر لیا تھا، جبکہ دیگر کمپنیوں کے خلاف کیسز امریکا کی مختلف عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں۔

پاکستان