اہم ترین

آئی فون ایئر 2: پہلے سے زیادہ پتلا، طاقتور اور سستا

ایپل نے گزشتہ سال ستمبر میں آئی فون 17 سیریز کے ساتھ اپنا الٹرا سلم اسمارٹ فون آئی فون ایئر لانچ کیا تھا۔ اب خبریں آ رہی ہیں کہ اس کا نیکسٹ جنریشن ماڈل آئی فون ایئر 2 رواں سال ستمبر میں متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

ٹیک کرنچ کے مطابق ایپل اس بار آئی فون ایئر 2 میں کئی بڑے اور شاندار اپ گریڈز دے سکتی ہے، تاکہ دیگر آئی فون ماڈلز کی طرح اس کی فروخت بھی زبردست ہو۔ آئیے جانتے ہیں کہ آئی فون ایئر 2 میں کن بڑی تبدیلیوں کی امید کی جا رہی ہے۔

نینو میٹر پر مبنی پروسیسر

رپورٹس کے مطابق آئی فون ایئر 2 میں پرو20 اے چِپ سیٹ دیا جا سکتا ہے، جو 2 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر تیار ہوگی۔

اس سے فون کی بیٹری لائف میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ موجودہ آئی فون ایئر کی کم فروخت کی ایک بڑی وجہ اس کی کمزور بیٹری بھی سمجھی جاتی ہے، جس سے سبق سیکھتے ہوئے ایپل زیادہ ایفیشینٹ پروسیسر استعمال کر سکتی ہے۔

ڈوئل کیمرا سیٹ اپ

موجودہ ماڈل میں پچھلی جانب صرف ایک کیمرا دیا گیا ہے، لیکن آئی فون ایئر 2 میں ڈوئل کیمرا سیٹ اپ متوقع ہے۔اس میں 48 میگا پکسل پرائمری کیمرا کے ساتھ الٹرا وائیڈ لینس شامل کیا جا سکتا ہے، جس سے فوٹوگرافی کے شوقین صارفین بھی اس فون کی جانب متوجہ ہوں گے۔

اپ گریڈڈ اور مزید پتلا ڈسپلے

ایپل آئی فون ایئر 2 میں سی او ای ٹیکنالوجی استعمال کی جا سکتی ہے، جس سے او ایل ای ڈی ڈسپلے مزید پتلا ہو جائے گا۔

فی الحال آئی فون ایئر کی موٹائی 5.6 ملی میٹر ہے، جبکہ نیا ماڈل اس سے بھی کچھ زیادہ پتلا اور ہلکا ہو سکتا ہے۔

بڑی بیٹری

آئی فون ایئر میں 3149 ایم اےایچ بیٹری دی گئی ہے، جس کے ساتھ 27 گھنٹے ویڈیو پلے بیک کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی میگ سیف بیٹری پیک کا آپشن بھی دیا گیا تھا۔

اب قیاس کیا جا رہا ہے کہ آئی فون ایئر 2 میں بڑی بیٹری دی جا سکتی ہے، تاکہ صارفین کو اضافی بیٹری پیک کی ضرورت نہ پڑے۔

قیمت میں کمی کا امکان

اتنے شاندار اپ گریڈز کے باوجود ایپل آئی فون ایئر 2 کی قیمت کم کر سکتی ہے۔ تاہم، ابھی تک ایپل کی جانب سے اس کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

پاکستان