پی ایس ایل کے ہر سیزن میں اس کے آفیشل ترانے پر کوئی نہ کوئی تنازع ضرور کھڑا ہوتا ہے۔ رواں سیزن میں بھی ایسا ہی ہوا ہے۔ معروف گلوکار علی ظفر نے کہا ہے کہ آئیندہ پی ایس ایل کے لیے پی سی بی کے کہنے پر انہوں نے نغمہ تیار کیا اور پھر پی سی بی پیچھے ہٹ گیا۔
پاکستانی گلوکار علی ظفر اس سے پہلے پی ایس ایل کے پہلے تین ایڈیشنز کا ترانہ گا چکے ہیں۔ چند برسوں سے اٹھنے والے تنازعات کے باعث اس مرتبہ پھر علی ظفر کو ترانہ بنانے کی پیشکش کی گئی لیکن حتمی مرحلے پر انہیں منع کردیا گیا۔۔
برطانوی نیوز ویب سائیٹ انڈیپینڈینٹ اردو کے مطابق علی ظفر نے اپنے مینیجر کے ذریعے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل کے نئے سیزن کے لئے ترانہ بنانے کے لیے پی سی بی نے ان سے باضابطہ طور پر خود رابطہ کیا۔
گلوکار نے کہا کہ وہ دو ماہ تک اپنے ذاتی خرچ پر موسیقاروں اور میوزک پروڈیوسرز کی خدمات حاصل کرنے کے بعد پی سی بی کے لیے ترانے کے تین مختلف ورژن لے کر آئے۔ تین میں سے ایک کو حتمی شکل دینے کے بعد ریلیز کی تیاری کی جا رہی تھی جب انہیں یہ بتایا گیا کہ پی سی بی کچھ وجوہات کی وجہ سے ان کے ترانے کے ساتھ آگے نہیں بڑھ سکتا۔
علی ظفر نے الزام لگایا کہ پی ایس ایل کی ایک فرنچائز کو ان پر تحفظات تھے۔ اسی بنیاد پر پی سی بی کو پیچھے ہٹنا پڑا۔