اہم ترین

چھوٹے چھوٹے ہاتھ : سعود شکیل سے متعلق عاقب جاوید کا یو ٹرن

سابق فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے ورلڈ کپ کے دوران سعود شکیل کی کہی بات پر یو ٹرن لے لیا۔۔ کہا کہ سعود شکیل بہت باصلاحیت بیٹسمین ہے میں بھی اسکا مداح ہوں۔

ایک روزہ ورلڈ کپ کے دوران عاقب جاوید نے سعود شکیل کے قد کاٹھ پر تنقید کی تھی تاہم اب انہوں نے کہا ہے کہ سعود شکیل بہت باصلاحیت بیٹسمین ہے میں بھی اسکا مداح ہوں۔

عاقب جاوید نے کہا کہ سعود شکیل کے حوالے سے جو میری ویڈیو وائرل ہوئی وہ ورلڈکپ کے حوالے سے میں نے بات کی تھی، کرکٹ تیز اور طاقتور ہوگئی ہے عالمی کپ میں ٹیمیں چار سو رنز بنارہی تھیں۔ ون ڈے میں چارسو رنز بنانے کیلئے ہمارے کرکٹرز کو بھی طاقتور بننا پڑے گا۔۔

پی ایس ایل 9 میں لاہور قلندرز کی خراب کارکردگی سے متعلق عاقب جاوید نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کبھی بھی کچھ بھی ہو سکتا ہے، ایک، ایک ہیرا تراشتے ہوئے 2021 میں ہماری ٹیم پوری ہوئی، فخرزمان، حارث رؤف اور راشد خان جیسے کھلاڑی ہمیں ملے۔

لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ کبھی سوچا نہیں تھا کہ پی ایس ایل میں بطور دفاعی چیمپئن ایسی شروعات ہوگی، دس دن میں 6 میچز ہارنے کی کوئی وضاحت نہیں دی جاسکتی۔ ہم نے کچھ میچز میں بہت برا کھیلا، کچھ میچز ہم فتح کے بہت قریب آکر ہارے۔

سابق پیسر نے کہا کہ پی سی بی کے چیئرمین جو بھی بنے اسے تین سال تک کا وقت دیا جائے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے کپتان کا اعلان کر دینا چاہیے۔

پاکستان