اہم ترین

راولپنڈی کی مسجد سے 3 لاکھ روپے کے جوتے چوری: چپل چور بھی کروڑ پتی نکلا

اسلام آباد کے رہائشی کے 3 لاکھ روپے کے جوتے مسجد سے چوری ہوگئے ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کروڑ پتی چپل چور کا سراغ تو مل گیا لیکن اب وہ اسے واپس کرنے سے انکاری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیکسلا پولیس اسٹیشن میں اسلام آباد کے رہائشی بخت منیر نے ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ 23 جنوری کو موٹروے انٹر چینج تھانہ ٹیکسلا کی حدود میں واقع ایک مسجد میں اس نے نماز جمعہ ادا کی۔ اس نے اپنے غیر ملکی جوتے ریک میں رکھے۔ نماز پڑھ کر واپس لوٹا تو پتہ چلا کہ وہاں جوتے موجود نہیں۔

جوتا غائب ہونے کے بعد انہوں نے مسجد کے باہر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ دیکھی تو معلوم ہوا کہ گوچی برانڈ کا ان کے غیر ملکی جوتے ہونڈا سوک میں سوار ایک شخص پہن کر چلا گیا۔

بخت منیر نے مزید معلوم کیا تو پتہ چلا کہ اس کا نام اسماعیل اور وہ ہری پور کا رہائشی ہے۔ فون پر اس نے اسماعیلل سے جوتے کے بارے میں دریافت کیا تو اس نے اعتراف کیا کہ وہ غلطی سے جوتے پہن کر آگیا ہے۔ لیکن جب اسے جوتوں کی مالیت کا اندازہ ہوا تو اب وہ ٹال مٹول کررہا ہے۔

26 جنوری کو مدعی نے ٹال مٹول سے عاجز آ کر واقعے کی ایف آئی آر درج کرانے کے لیے تھانہ ٹیکسلا میں درخواست دے دی۔ تاہم اُس وقت پولیس نے ایف آئی آر درج نہیں کی۔ مدعی کے دباؤ ڈالنے پر آخر کار 14 مارچ کو پولیس نے ملزم اسماعیل سکنہ ہری پور کے خلاف سیکشن 379 تعزیرات پاکستان کے تحت ایف آئی آر درج کر لی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ جلد ہی ملزم تک پہنچ جائیں گے۔

پاکستان