اہم ترین

شاہد آفریدی کی حمایت کا جرم: پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم شیر افضل مروت کے خلاف

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نائب صدر شیر افضل مروت کو شاہد آفریدی کی ٹرولنگ کی مذمت کرنے کے بعد اپنی ہی جماعت کی سوشل میڈیا ٹیم نے اپنے نشانے پر لے لیا ہے۔

گزشتہ چند روز سے پی ٹی آئی کی سوشل میدیا ٹیم شاہد آفریدی کو آڑے ہاتھوں لئے ہوئے ہے۔ ان کے سابق بیانات پر انہیں ٹرول کیا جارہا ہے۔

تحریک انصاف کے نائب صدر شیر افضل مروت نے شاہد آفریدی کے خلاف جاری سوشل میڈیا ٹرولنگ کی مذمت کی اور انہوں نے اپنی ہی جماعت کی سوشل میڈیا ٹیم سے ایسا نہ کرنے کی اپیل کی۔۔

دو روز قبل انہوں نے ایکس پر اپنے بیان میں شیر افضل مروت نے کہا کہ شاہد آفریدی کے 9 مئی کو ایک مبینہ بیان کی وجہ سے ان کے خلاف مہم چل رہی ہے۔ میں نے شاہد آفریدی کے خلاف مجھ سے منسوب چند بیانات دیکھے۔ اس لیے ہمیں جھوٹی خبروں کی تردید کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا تھا کہ شاہد آفریدی کی جانب سے ایسا کوئی بیان سامنے نہیں آیا اور ایسا لگتا ہے کہ کچھ عناصر ان کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔ شاہد آفریدی ایک زندہ لیجنڈ ہے۔

اس ٹویٹ کے بعد پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے تنقید کا رخ برے وقت میں میدان مین کھڑے رہنے والے شیر افضل مروت کی جانب موڑ دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سینٹرل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ صبغت اللہ ورک نے ایکس پر ہی ان کی ٹوئٹ کے جواب میں کہا کہ ’تحریک انصاف کی جس سوشل میڈیا ٹیم کے لیے آپ نے پراپیگنڈہ کی اصطلاح استعمال کی ہے وہ بانی چیئرمین عمران خان اور ان ہزاروں بے گناہ کارکنان اور قائدین کی آواز ہے جو اپریل 2022 سے بدترین ریاستی عتاب اور مکروہ پراپیگنڈے کی زد میں ہیں۔

پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے اہم رکن اظہر مشوانی نے تو شیر افضل مروت کو مخاطب کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ ہی ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم (آفیشل اکاؤنٹ) عمران خان کے بیانیے کو آگے بڑھاتے ہیں نا کہ پراپیگنڈا کرتے ہیں۔

پاکستان