راولپنڈی میں گلگت بلتستان کے وزیرِ تعلیم غلام شہزاد آغا کی سرکاری گاڑی ان کے گھر کے باہر سے چوری ہو گئی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق وزیر تعلیم گلگت بلتستان غلام شہزاد آغا کے اہل خانہ راوالپنڈی کے علاقے نیو ٹاؤن میں رہائش پزیر ہیں۔ غلام شہزاد آغا اہل خانہ سے ملاقات کے لئے سرکاری گاڑی میں چند روز قبل آئے تھے۔ گاڑی ان کے گھر کے باہر ہی کھڑی رہتی تھی۔
غلام شہزاد آغا نے کہا کہ سحری کے وقت گاڑی گھر کے سامنے گلی میں کھڑی تھی لیکن صبح آٹھ بجے باہر نکلا تو گاڑی غائب تھی۔ اگر حکومتی عہدیداران کی گاڑی محفوظ نہیں تو عام آدمی کا کیا حال ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ سی سی تی وی فوٹیج کے مطابق چور سرکاری گاڑی جی ٹی روڈ کی طرف لے کر گئے۔ خدشہ ہے کہ شہر کے مضافاتیہ علاقوں میں قائم ورکشاپس مٰں سے کسی ایک میں گاڑی کی نمبر پلیٹ تبدیل کرکے اسے استعمال کیا جائے گا۔
راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ غلام شہزاد آغا کی سرکاری گاڑی چوری ہونے کی ایف آئی آر درج کر کے گاڑی کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔اعلیٰ حکام واقعے کو خود دیکھ رہے ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے گاڑی کی تلاش کی جاری ہے۔











