اہم ترین

چھاتی کے کینسر سے بچ جانے والوں میں دوبارہ کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے: تحقیق

برطانوی محققین نے اپنی نئی تحقیق میں دعویٰ کیا ہے کہ چھاتی کے کینسر سے بچ جانے والے افراد میں دوسری اقسام کے کینسر میں مبتلا ہونے کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں۔

برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی کے شعبہ صحت عامہ اور بنیادی نگہداشت کے ماہر ڈاکٹر اینٹونیس انتونیو کی ٹیم نے برطانیہ کے نیشنل کینسر رجسٹریشن ڈیٹا سیٹ میں رجسٹرڈ چھاتی کے کینسر سے بچ جانے والی 5 لاکھ 80 ہزار خواتین اور ساڑھے 3 ہزار سے زیادہ مردوں کے ڈیٹا پر تحقیق کی۔ ان تمام مریضوں میں چھاتی کے کینسر کی ابتدائی تشخیص 1995 اور 2019 کے درمیان ہوئی تھی۔

لینسٹ ریجنل ہیلتھ کے یورپ ایڈیشن میں شائع ہونے والی تحقیق سے متعلق اینٹونیس انتونیو نے کہا کہ چھاتی کے کینسر سے بچ جانے والوں میں دوسرے کینسر کے خطرے کو جانچنے کے لئے ان کی ٹیم نے دنیا میں اب تک کی سب سے بڑی تحقیق کی ہے۔

اعداد و شمار اور طبی ڈیٹا کی بنیاد پر محققین نے زور دیا کہ کینسر سے بچ جانے والے مریض میں دوسری قسم کا کینسر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے لیکن چھاتی کے کینسر سے شفایاب مریضوں میں اس کا الٹ ہوتا ہے۔ ان افراد میں دوسری قسم کے کینسر ہونے کے امکانات بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔

تحقیق کے دوران ماہرین نے دیکھا کہ ایک چھاتی کے کینسر سے بچ جانے والے مریض کو پہلے غیر متاثرہ چھاتی میں بھی کینسر کی تشخیص ہوتی ہے۔ دوسری چھاتی میں پیدا ہونے والے ٹیومر کی پیچیدگی اور تکلیف ان خواتین کے مقابلے میں دگنی ہوتی ہے جنہیں پہلے کبھی چھاتی کا کینسر نہیں ہوتا۔

مطالعے کے دوران ماہرین نے دیکھا کہ سینے کے کینسر کو شکست دینے والے مردوں کی چھاتی کے دوسرے حصے میں کینسر پیدا ہونے کے امکانات 55 گنا بڑھ گئے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاں تک کینسر کی دیگر اقسام کا تعلق ہے، چھاتی کے کینسر سے بچ جانے والی خواتین کی بچہ دانی میں کینسر ہونے کے امکانات 87 فیصد، خون کے کینسر کا خطرہ 58 فیصد جب کہ رحم کے کینسر کے امکانات 25 فیصد زیادہ ہوتے ہیں۔

چھاتی کے کینسر کی پہلی اور دوسری تشخیص میں مریض کی عمر بھی اہمیت رکھتی ہے۔ وہ خواتین جن میں کینسر کی تشخیص 50 سال سے کم عمر میں ہوئی ان میں دوسرے کینسر کا شکار ہونے کے امکانات 86 فیصد زیادہ تھے، جب کہ وہ کواتین جن میں 50 سال کی عمر کے بعد پہلی بار کینسر کی تشخیص ہوئی، ان میں یہ خطرہ صرف 17 فیصد تھا۔

اسی طرح معاشی حالات بھی کسی خاتون کے دوسرے مرتبہ کینسر مٰں مبتلا ہونے کے امکانات کو بڑھادیتے ہیں۔ غریب پس منظر سے تعلق رکھنے والے خواتین میں دوسری مرتبہ کینسر کا شکار ہونے کے امکانات خوشحال خواتین کے مقابلے میں 35 فیصد زیادہ ہوتے ہیں۔

سائنسی مطالعے کے سربراہ اور مصنف اسحاق ایلن کے مطابق ہمیں اس ھوالے سے مزید گہرائی کے ساتھ یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ چھاتی کے مریضوں میں دوسرے کینسر کا زیادہ خطرہ کیوں ہوتا ہے تاکہ ہم اس خطرے کو کم کر سکیں۔

پاکستان