مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے عمران خان نے بطور وزیر اعظم امریکہ جا کر کہا تھا کہ نواز شریف کی جیل سے اے سی اتروا دوں گا ۔ وہ (عمران خان) جیل میں دو اے سی لگوا دیں، مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
مری میں پارٹی کے سینیٹرز اور مختلف اجلاسوں میں خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اکستان کے ہر منصوبے پر مسلم لیگ (ن) کا نام لکھا ہوا ہے، جو بڑا کام پاکستان کی تاریخ میں ہوا اس کے پیچھے ہماری جماعت ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ وہ اپنے دور میں خود چل کر ان (عمران خان )کے گھر گئے تھے۔ ووٹ مانگنے یا مدد مانگنے نہیں بلکہ ان سے یہ کہنے کہ ’آؤ مل کر کام کرتے ہیں۔ انھوں نے بینظیر بھٹو سے بھی اسی مقصد کے لیے چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کیے تھے تاکہ ملک آگے بڑھے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان نے امریکہ میں جو باتیں کیں ایک وزیراعظم ایسی باتیں نہیں کرتا۔ عمران خان نے بطور وزیر اعظم امریکہ جا کر کہا تھا کہ نواز شریف کی جیل سے اے سی اتروا دوں گا مگر اب آپ (عمران خان) خود جیل میں ہیں تو میرا اس طرف دھیان بھی نہیں گیا ہے۔ وہ (عمران خان) دو اے سی لگوا دیں، مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ میں کینہ پرور اور انتقام پر یقین رکھنے والا شخص نہیں ہوں۔
ن لیگ کے صدر کا کہنا تھا کہ میں تو گھر گھر سستی بجلی پہنچا کر گیا تھا بلکہ نکالا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ میٹرو بس کو جنگلا بس کہنے والے ملک کو اجاڑ کر چلے گئے۔ کومت کی توجہ سستی بجلی اور گیس پر ہونی چاہیے۔ ایسی پالیسی بننی چاہیے کہ ہمارے ملک میں بجلی اور گیس سستی آئے۔











