اہم ترین

پاکستان کی شاندار واپسی: تیسرے ٹی 20 میں نیوزی لینڈ کو شکست

نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جارہی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ابتدائی 2 میچز ہارنے کے بعد پاکستان ٹیم نے تیسرے میچ میں بھر پور واپسی کی ہے۔

آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ جو بالکل ددرست ثابت ہوا۔

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 20 اوور میں 204 رنزپرآؤٹ ہوگئی۔ جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 16 اوورز میں صرف ایک وکٹ گنوا کر حاصل کرلیا۔

نیوزی لینڈ کے 204 رنز

نیوزی لینڈ کیبیٹنگ شروع ہوئی تو شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں فن ایلن کو آؤٹ کر دیا۔ لیکن کیوی بیٹرز نے جارحانہ اننگز جاری رکھی۔ 4 اوورز میں 43 رنزپر پاکستان کو دوسری کامیابی ملی۔

ایک جانب نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ایک ایک کرکے آؤٹ ہورہے تھے تو دوسری جانب مارک چیپمین چوکے چھکے لگانے کا کوئی موقع نہیں چھوڑ رہے تھے۔

مارک چیپمین نے 44 گیندوں پر 94 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ ٹم سیفرٹ نے 19، ڈیرل مچل 17، جیمز نیشم 3، مچل ہے 9، کپتان مائیکل بریس ویل 31، کائلے جیمیسن صفر، جیکب ڈفی دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ بین سیئرز سات رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ حسن نواز کے نام

پاکستان ٹیم نے ہدف کے تعاقب کا آغاز شاندار اور جارحانہ انداز میں کیا، پاکستانی اوپنرز محمد حارث اور حسن نواز نے تیز بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔

دونوں اوپنرز نے پاور پلے کے 6 اوورز کا بہت ہی خوبصورتی اور مہارت کے ساتھ فائدہ اٹھایا اور پارٹنر شپ قائم کر کے 5.5 اوورز میں اسکور 74 تک پہنچا دیا جس کے بعد محمد حارث 20 گیندوں پر 41 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

ایک جانب حسن نواز کیوی بولرز پر اپنا غصہ نکال رہے تھے تو دوسرے اینڈ پر موجود کپتان سلمان علی آغا نے بھی کوئی موقع جانے نہیں دیا۔

دونوں نے کوئی وکٹ گنوائے بغیر ہی 16 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔ حسن نواز 105 اور سلمان آغا 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

حسن نواز نے کیریئر کی پہلی سنچری بنائی جو کسی پاکستانی بلے باز کی جانب سے اس فارمیٹ میں تیز ترین سینچری ہے۔ انہوں نے 45 گیندوں پر سات چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان