اسرائیلی فوج نے نام نہاد سکیورٹی زون کو وسعت دینے کے لیے شمالی غزہ کے مزید علاقوں میں داخل ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ پیش رفت غزہ کے جنوب میں ایک بڑے آپریشن کے ذریعے وسیع علاقوں پر قبضے کے اعلان کے چند روز بعد ہوئی ہے۔
اسرائیل نے اپنے سیکیورٹی زون کو وسعت دینے کے نام پر غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔
اسرائیلی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق غزہ شہر کے مضافاتی علاقے شجاعیہ میں کارروائیاں جاری ہیں اور علاقے سے فلسطینیوں کا انخلا بھی جاری ہے۔
صیہونی فوج نے گزشتہ روز کو شجاعیہ کے رہائشیوں کو علاقے سے نکل جانے کا الٹی میٹم دیا تھا۔ جس کے بعد ہزاروں افراد اپنے گھروں سے نکل آئے۔ کچھ رہائشی اپنا سامان ہاتھوں میں اٹھائے پیدل چل رہے تھے جبکہ دیگر گدھا گاڑیوں، سائیکلوں یا وینوں کے ذریعے علاقہ چھوڑتے دیکھے گئے۔
دوسری جانب غزہ کے جنوبی کنارے پر اسرائیلی فوجیں کھنڈر میں بدل چکے رفح شہر کے گرد اپنی گرفت مضبوط کر رہی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ اس نے متعدد عسکریت پسندوں کو ہلاک اور بنیادی ڈھانچے کو تباہ کیا ہے، جس میں حماس کا ایک مبینہ کمانڈ سینٹر بھی شامل ہے۔ تاہم اسرائیل نے ان علاقوں کے لیے اپنے طویل مدتی مقاصد کو واضح نہیں کیا، جو وہ ”سکیورٹی زون‘‘ کے طور پر قبضے میں لے رہا ہے۔
حالیہ دنوں میں لاکھوں فلسطینیوں کی نقل مکانی اس جنگ کے سب سے بڑے اجتماعی انخلاء میں سے ایک کے طور پر سامنے آئی ہے، کیونکہ اسرائیلی فورسز اپنے زیر کنٹرول علاقوں کو بڑھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔











