کویت نے مختلف وجوہات کی بنا پر 12 سو سے زائد افراد سے کویتی شہریت واپس لے لی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق دنیا کے امیر ترین عرب ملکوں کی طرح کویت میں شہریت کے حصؤل سے متعلق قوانین انتہائی سخت ہیں۔
کویتی قانونِ شہریت کے تحت وسیع تر ملکی مفاد میں کسی کی بھی کویتی شہریت واپس لی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ اگر یہ ثابت ہوجائے کہ شہریت حاصل کرنے والے نے دروغ گوئی یا جعل سازی کے ذریعے شہریت حاصل کی ہے تو وہ بھی قانون شکنی کا مرتکب قرار پاتا ہے۔
کویتی وزارت داخلہ نے حال ہی میں 1290 سے زائد شہریوں کی شہریت واپس لینے کا اعتراف کیا ہے۔
جاری بیان کے کہا ہے کہ جن افراد سے شہریت واپس لی گئی ہے ان میں سے بعض نے جعل سازی جبکہ کچھ نے غیرقانونی طریقے سے کویتی شہریت حاصل کی تھی۔
مجموعی طورپر جن 1292 افراد سے کویتی شہریت واپس لی گئی ان میں 8 ایسے تھے جو شہریت قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے تھے۔ یعنی ان کے پاس دوسرے ملک کی شہریت بھی تھی جس کی کویتی قانون میں اجازت نہیں۔
اس کے علاوہ جھوٹ اور جعل سازی کے ذریعے 189 افراد سے کویتی شہریت واپس لی گئی جبکہ 1021 افراد سے وسیع تر ملکی مفادات کی خاطر کویتی شہریت واپس لی گئی۔