متحدہ عرب امارات (یواے ای) میں ویسے تو شدید گرمیپڑتی ہے لیکن رواں برس درجہ حرارت ریکارڈ سطح پر جاپہنچا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یو اے ای میں موسم اور درجہ حرارت کا ریکارڈ 2003 سے مرتب کیا جارہا ہے۔
موسمیاتی ریکارڈ کے مطابق گزشتہ 22برسوں کے دوران مئی کے مہینے میں اتنی گرمی نہیں پڑی جتنی رواں برس ہوئی ہے۔مئی 2009 میں زیادہ سے زیادہ 50.2 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔ لیکن رواں برس اب تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 50.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
یو اے ای میں شدید گرمی معمول کی بات ہے لیکن رواں برس گرمی کی شدت صرف مئی تک ہی محدود نہیں رہی بلکہ موسم گرما شروع ہونے سے پہلے ہی معمول سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیاجارہاہے۔
مئی سے پہلے اپریل میں متحدہ عرب امارات میں 42.6 ڈگری سیلسیس اوسط درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ جو اپریل 2017 میں ریکارڈ کیے گئے اوسط یومیہ 42.2 سیلسیس سے زیادہ ہے۔
حالیہ شدید گرمی کے باعث یو اے ای کے محکمہ موسمیات شہریوں کے لئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں، جن میں انہیں دھوپ سے دور رہنے، کافی مقدار میں پانی پینے، مناسب لباس پہننے اور سن اسکرین استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔