بھارت میں ہیلی کاپٹر تباہ ہونے سے اس میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ بھارت میں گزشتہ 4 روز میں یہ دوسرا بڑا فضائی حادثہ ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر ریاست اتر اکھنڈ کے علاقے گوری کنڈ اور ترجوگی نرائن کے درمیان جنگل میں گر کر تباہ ہوا۔ حادثے کے وقت اس میں پائلٹ سمیت 7 افراد سوار تھے۔ جن میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچ پایا ْ۔
مقامی ریسکیو افسر نندن سنگھ راجوار کا کہنا ہے کہ صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے ہیلی کاپٹر نے کیدارناتھ سے گپت کاشی کے لیے پرواز بھری اور اچانک یہ حادثے کا شکار ہو گیا۔حادثے میں مرنے والوں میں ایک شیرخوار بھی شامل ہے۔
نندن سنگھ راجوار کا کہنا ہے کہ حادثہ ممکنہ طور پر خراب موسم کی وجہ سے بصری حد کم ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق ہیلی کاپٹر آرین ایوی ایشن نامی نجی کمپنی کی ملکیت تھا۔ اسی کمپنی کا ایک ہیلی کاپٹر چند برس پہلے بھی گر کر تباہ ہوچکا ہے۔
چند روز پہلے بھارت میں ایک مسافر طیارہ رہائشی عمارت میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ جس کے نتیجے میں طیارے کے 241 مسافروں سمیت 279 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔