اہم ترین

پاکستانی طلبہ مسلسل چوتھے سال یورپی یونین کے ماسٹرز اسکالرشپ لینے میں سب آگے

پاکستانی طلبہ یورپی یونین کے مشہور زمانہ ماسٹرز اسکالرشپ پروگرام ایراسمس منڈس حاصل کرنے میں مسلسل 4 سال سے سب سے آگے ہیں۔

اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایراسمس منڈس یورپی یونین کا مشہور زمانہ ماسٹرز اسکالرشپ پروگرام ہے۔ دنیا کے تقریباً 160 ممالک کے طلبہ اس سکالرشپ کے لیے اہل ہوتے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت طلبہ کی ٹیوشن فیس مکمل ختم کر دی جاتی ہے اور انہیں ہر مہینے معقول وظیفہ بھی دیا جاتا ہے۔

ہر سال 3 ہزار کے لگ بھگ طلبا یہ اسکالر شپ حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں اور گزشتہ 4 سال سے پاکستانی طلبہ سب سے آگے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں 133 ممالک سے مجموعی طور پر 3013 طلبہ ایراسمس منڈس کے اہل قرار دیئے گئے ۔ جن میں سب سے زیادہ تعداد پاکستانی طلبہ کی تھی۔ اس سال کو 166 پاکستانی طلبہ نے یہ اسکالر شپ حاصل کی ۔۔

پاکستانی طلبہ 2023 میں بھی سب سے آگے رہے ہیں۔ اس سال دنیا بھر میں 2835 طلبہ کو اسکالرشپ ملی، جن میں سے 192 کا تعلق پاکستان سے تھا، ان میں 89 طالبات شامل تھیں۔

گزشتہ سال یعنی 2024 میں بھی پاکستانی طلبہ نے یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔ اس سال 137 ممالک میں پاکستان سرفہرست رہا اور 189 پاکستانی طلبہ نے ایراسمس منڈس سکالرشپ حاصل کی جن میں 88 خواتین شامل تھیں۔

رواں برس یعنی 2025 میں دنیا بھر کے 137 ممالک کے 2176 طلبہ کو یہ اسکالرشپ دی گئی ۔ جن میں پاکستانیوں کی تعداد 114 تھی۔ اس طرح رواں برس بھی سب سے زیادہ طلبہ پاکستانی ہی تھے۔

پاکستان