وزیر اعظم شہباز شریف نے نانگا پربت سر کرنے والی قطری شہزادی شیخہ اسما الثانی کو پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کی برینڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا۔
شیخہ اسماء الثانی نے گزشتہ روز پاکستان کے دوسری بلند ترین پہاڑ نانگا پربت کو سر کیا تھا۔ وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والی قطر کی پہلی خاتون کوہ پیما ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں شیخہ اسماء الثانی کومبارک باد دیتے ہوئے انہیں پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ واقعی ایک قابلِ فخر اور متاثر کن کامیابی ہے۔ شیخہ اسما کی کامیابی ہمت، حوصلے اور عزم کا ایک طاقتور پیغام اور پاکستان اور قطر کے درمیان قائم دیرینہ دوستی کی ایک روشن مثال بھی ہے۔
نانگا پربت کو اس کی خطرناک سطح کی وجہ سے قاتل پہاڑ بھی کہا جاتا ہے۔ گزشتہ ہفتے نانگا پربت سر کرنے کی کوشش کے دوران چیک ری پبلک کی 46 سالہ کوہ پیما کلارا کولوچوا لاپتہ ہوگئی تھیں۔ 3 روزکی تلاش کے بعد ناکام ہوکر سرچآپریشن کو روک دیاگیا تھا۔