امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر محکمہ خارجہ کے 1300 سے زیادہ ملازمین کو برطرف کر دیا گیا جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ملازمین کی اضافی تعداد میں کمی لانے کے لیے کیا گیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق محکمہ خارجہ میں چھانٹی کا عمل سپریم کورٹ کے حکم کے تین روز بعد عمل میں لایا گیا جس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کو محکموں سے متعلق اپنی نئی پالیسی پر عمل درآمد کی اجازت دے دی گئی ہے۔
برطرف کئے گئے ملازمین میں سول سروس کے 1107 ارکان اور فارن سروس کے 246 سفارتی ملازمین شامل ہیں۔ ناقدین کے خیال میں ٹرمپ انتظامیہ کے اس اقدام سے دنیا بھر میں امریکی اثر و رسوخ میں کمی آئے گی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ ’ڈیپ سٹیٹ‘ کو ختم کرنا چاہتے ہیں یعنی طاقت کے ایسے نیٹ ورکس جو ریاستی پالیسی سے ہٹ کر کام کر رہے ہوتے ہیں۔