اٹلی اور نیدرلینڈز نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ آئندہ سال بھارت میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اپنے میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔ میزبان ملک ہونےکی حیثیت سے میگا ایونٹ میں بھارت اور سری لنکا تو لازمی حصہ ہوں گے لیکن ان کے علاوہ آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقا، افغانستان، بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز ، امریکا ، آئرلینڈ، نیوزی لینڈ اور پاکستان اپنی جگہ پکی کر چکے ہیں۔
کرکٹ کے مقبول ترین فارمیٹ کی عالمی جنگ میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ یوروپین کوالیفائر میں نیدرلینڈ اور اٹلی نے ٹی-20 عالمی کپ کے لیے کوالیفکیشن حاصل کی ہے، وہیں امریکا کوالیفائر میں کینیڈا نے بہاماس کو شکست دے کر عالمی کپ میں جگہ بنا لی۔
نیدر لینڈز اور کینیڈا آئی سی سی کےمیگا ایونٹ میں شرکت کرچکے ہیں لیکن اٹلی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹی-20 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
5 ٹیموں کے لیے ’ٹی-20 عالمی کپ 2026‘ میں کوالیفکیشن کا دروازہ ابھی کھلا ہوا ہے۔ افریقہ کوالیفائر سے 2 ٹیمیں اپنی جگہ پختہ کریں گی۔ یہ ٹورنامنٹ نامیبیا، یوگانڈا، کینیا، زمبابوے، نائیجیریا، طنزانیہ، مالوائی اور بوتساوانا کے درمیان ہوگا۔ علاوہ ازیں ایشیائی-ای اے پی کوالیفائر سے 3 ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔ یہ ٹورنامنٹ یکم اکتوبر سے 17 اکتوبر تک نیپال، عمان، پاپوا نیوگنی، کویت، ملیشیا، جاپان، قطر، سموہا اور یو اے ای کے درمیان ہوگا۔