اہم ترین

اب واٹس ایپ چیٹ کھولیں یانہ کھولیں، اے آئی بتائے گی ساری اہم باتیں

واٹس ایپ اپنے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نیا اور انوکھا فیچر لانے کی تیاری کررہا ہے۔ جس کا نام کوئیک ری کیپ ہوگا۔ اس فیچر کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اب آپ کو بہت سے ان ریڈ پیغامات میں کھونے کی ضرورت نہیں پڑے گی، کیونکہ واٹس ایپ خود آپ کے لیے کئی چیٹس کا خلاصہ یعنی ری کیپ تیار کر دے گا۔

آج کل انٹرنیٹ اور موبائل ایپس کا زمانہ ہے۔ انسٹنٹ میسیجنگ اور کالنگ ایپس میں مسابقت اس قدر بڑھ گئی ہے کہ وہ اپنے صارفین کی دلچسپی برقرار رکھنےکے لئے نت نئے فیچر لاتے رہتے ہیں۔ دنیا کی مقبول ترین انسٹنٹ میسیجنگ اور کالنگ ایپ واٹس بھی مسلسل جدت لاتا رہتا ہے۔ ایسا ہی ایک فیچرکوئیک ری کیپ ہے۔

اس نئے فیچر کو سب سے پہلے مشہور فیچر ٹریکر ویبیٹا انفو نے دیکھا، جس سے پتہ چلتا ہے کہ واٹس ایپ اس فیچر کی ٹیسٹنگ ابھی اپنے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن (2.25.21.12) میں کر رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صارفین چیٹس ٹیب پر جا کر پانچ چیٹس تک منتخب کر سکتے ہیں، جس کے بعد اوپر دیے گئے 3 ڈاتس مینیو میں آپشن نظر آئے گا۔ اس پر کلک کرتے ہی واٹس ایپ ان منتخب کردہ چیٹس کے نہ دیکھے پیغامات کا اے آئی کی بنیاد پر خلاصہ بنا دے گا۔

کوئیک ری کیپ فیچر مکمل طور پر آپشنل رہے گا، یعنی صارفین اسے اپنی مرضی کے مطابق سیٹنگز میں جا کر فعال کر سکیں گے۔

خاص بات یہ ہے کہ جدیدچیٹ پرائیویسی آن کرنے والی چیٹس پر یہ فیچر کام نہیں کرے گا، یعنی آپ کی رازداری مکمل طور پر برقرار رہے گی۔

فی الحال یہ فیچر صرف بیٹا اسٹیج میں ہے اور عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوا ۔ لیکن فیچر ٹریکر کے مطابق، آنے والے وقت میں کمپنی اسے عام صارفین کے واتس ایپ پر بھی فعال کردے گی۔

پاکستان