وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ صوبے میں گُڈ طالبان کی کوئی گنجائس نہیں۔ اب جو گڈ طالبان کی سفارش کرے گا ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
پشاور میں امن و امان سے متعلق اے پی سی کے بعد پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبے میں امن کے لئے ہر ضلع کے مشران کو بلائیں گے۔ اس کے بعد گرینڈ جرگہ بھی ہوگا، جس میں لائحہ عمل پر بات چیت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں کسی بھی طرح کوئی بھی آپریشن قابل قبول نہیں ، نہ ہم اس کی اجازت دیں گے ۔ سرحدوں کی ذمہ داری وفاق کی ہے۔ وہ انسے کنٹرول کرے اور ہمیں ہمارا صوبہ کنٹرول کرنے دیں، جلد سے جلد این ایف سی کو واپس بلایا جائے اور ہمیں ہمارا حق دیا جائے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکتا ہے ، لیکن ہمارے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، ہمارے واجبات ادا کریں۔ وفاق اور ادارے بارڈر ٹریڈ کو کلیئر کریں تاکہ صوبے اور عوام کا نقصان نہ ہو۔