انسٹنٹ میسیجنگ اینڈ کالنگ ایپ واٹس ایپ نے ضوابط کی خلاف ورزی، غلط استعمال اور شکایات کی بنیاد پر بھارت میں ایک ماہ کے دوران 98 لاکھ سے زیادہ اکاؤنٹس بندکردئے۔
بھارتی میڈیا کےمطابق واٹس ایپ نے بھارت میں جون کے مہینے کی رپورٹ بھارت کے متعلقہ حکام کو پیش کردی ہے۔
امریکی سوشل میڈیا کمپنی میٹا کی ایپ واٹس ایپ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی (انٹرمیڈیری گائیڈلائنز اینڈ ڈیجیٹل میڈیا ایتھکس کوڈ) کے قواعد کے مطابق شائع کردہ ماہانہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ کسی صارف کی جانب سے شکایت ملنے سے پہلے تقریباً 19.79 لاکھ اکاؤنٹس کو بند کیا گیا ہے۔
جون میں اس میسجنگ پلیٹ فارم کو بھارتی صارفین سے 23ہزار 596 شکایات موصول ہوئی تھیں۔ ان شکایات پر ایک ہزار ایک اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اس میں اکاؤنٹس کو بند کرنا شامل ہے۔
درج کرائی گئیں شکایات میں سے 16069 ایپ پر پابندی سے متعلق تھیں۔ اس کے نتیجے میں 756 اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
واٹس ایپ نے بتایا ہے کہ اس کے پلیٹ فارم پر نقصان کے خدشات والی کسی سرگرمی کو پہلے ہی روکنے کے لیے فعال طور پر اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔ کمپنی نے بتایا کہ غلط استعمال کو پکڑنے کے اس کے نظام میں تین اہم مراحل ہیں۔ ان میں اکاؤنٹ سیٹ اپ کے دوران، میسجنگ کے دوران اور منفی فیڈبیک پر ردعمل شامل ہیں۔