قومی اسمبلی نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال کی روک تھام کے لئے قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کر لی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ن لیگ کی سیدہ نوشین افتخار نے قرارداد پیش کی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتاہے۔ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد سوشل میڈیا کے درست استعمال کے لئے قوانین بنائے۔
قرارداد مٰں مزید کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل حقوق، قواعد اور اخلاقیات کی آگاہی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
اسمبلی اجلاس کے دوران غزہ کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کی قرارداد بھی کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے عوام تک انسانی امداد کی ترسیل کو روکنا تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ایوان غزہ کے بہادر اور جرات مند عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔
اس کے علاوہ ایوان نے سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل2025 بھی منظور کر لیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران حکومت کی جانب سے وفاقی ترقیاتی ادارہ ترمیمی آرڈیننس 2025 اور نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی آرڈیننس2025 بھی منظوری کے لئے پیش کردیا۔