اہم ترین

نو مئی کے مزید 2 مقدمات کا فیصلہ: کئی پی ٹی آئی رہنماؤں کو سزائیں ، شاہ محمود بری

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سے متعلق دو مزید مقدمات میں فیصلہ سنا دیا ہے۔ ان مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد رہنماؤں کو سزائیں سنائی گئی ہیں، جبکہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دونوں کیسز میں بری کر دیا گیا ہے۔

اے ٹی سی لاہور کے جج گل منظر علی گل نے شادمان اور سرور روڈ تھانوں میں درج دو مقدمات کا فیصلہ سنایا۔ یہ فیصلہ 2 روز قبل محفوظ کیا گیا تھا۔

تھانہ شادمان کیس میں عدالت نے چالان میں نامزد 41 میں سے 25 ملزمان پر فرد جرم عائد کی اور استغاثہ کے 45 گواہوں کے بیانات قلم بند کیے تھے۔ اس معاملے میں کم از کم 15 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا۔

راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے کیس میں عدالت نے 17 ملزمان پر فرد جرم عائد کی، سات کو اشتہاری قرار دیا اور استغاثہ کے 65 گواہوں کے بیانات قلم بند کیے۔

فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور عمر چیمہ کو 10، 10 سال جبکہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو پانچ، پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کو دونوں مقدمات سے بری کر دیا گیا۔

اس سے قبل لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی، 2023 کو احتجاجی مظاہروں کے دوران شیر پاؤ برج توڑ پھوڑ کے مقدمے میں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت آٹھ ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ شاہ محمود قریشی کو اس مقدمے میں بری کر دیا تھا۔

پاکستان