پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے خواب، امیدیں اور امنگیں ایک خوشحال، پرامن اور جمہوری پاکستان کے وژن سے جڑی ہیں۔
نوجوانوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوجوان ہماری قوم کی دھڑکن اور ہمارے مستقبل کے مشعل بردار ہیں۔ نوجوانوں کے خواب، امیدیں اور امنگیں ایک خوشحال، پرامن اور جمہوری پاکستان کے وژن سے جڑی ہیں
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے سامنے چیلنج بڑے ہیں، مگر ہماری نوجوان نسل کی طاقت بھی بے مثال ہے۔ مجھے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر غیر متزلزل اعتماد ہے، وہ ملک کو ایک روشن مستقبل کی طرف لے جائیں گے
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ نوجوانوں کو جمہوریت، رواداری اور سماجی انصاف کی قدروں کے ساتھ متحد، مضبوط اور پُرعزم رہنا چاہیے۔ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو نے ہمیشہ نوجوانوں کو اپنی پالیسیوں مٰں مرکزی حیثیت دی۔ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کا یہ ورثہ آج بھی جاری ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ کے بلدیاتی نظام میں ہر سطح پر نوجوانوں کو بھرپور نمائندگی حاصل ہے۔ سندھ کی عوامی حکومت نے شہید بینظیر بھٹو یوتھ ڈولپمینٹ پروگرام اور اس نوعیت کے دیگر اقدام متعارف کرائے ہیں۔ حکومتِ سندھ کے مذکورہ اقدام کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو ٹیکنیکل اور ووکیشنل تربیت مفت فراہم کی جاتی ہے
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی نوجوانوں کے ساتھ وابستگی مضبوط ہے۔ ہم نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی آواز کو ہر فورم پر بلند کرنے کے لیے ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے۔











