امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ امریکا نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران ممکنہ تباہی کو ٹالنے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا تھا۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ٹیمی بروس نے بتایا کہ ہمارے پاکستان اور بھارت دونوں ممالک سے اچھے تعلقات ہیں اور ہمارے سفارتکار ان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں حال ہی میں ہونے والے پاک امریکا انسداد دہشت گردی مذاکرات میں دونوں ممالک نے دہشت گردی کی تمام صورتوں کے خلاف مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ ان مذاکرات میں دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بات کی گئی۔
اپریل اور مئی میں ہونے والے پاک بھارت تصادم سےمتعلق امریکی ترجمان نے کہا کہ ہم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایسا تنازع دیکھا جو کسی بھیانک صورت حال میں بدل سکتا تھا۔ اس وقت وہ خود محکمہ خارجہ میں موجود تھیں اور فوری طور پر نائب صدر، صدر اور وزیر خارجہ کی سطح پر اقدامات شروع ہوگئے تھے۔
انہوں نےکہا کہ امریکی قیادت نے صورت حال سنبھالنے کے لیے اقدامات کیے۔ جس کے بعد ہم نے ٹیلی فون کالز، حملے رکوانے کی کوششوں اور دونوں ممالک کو مذاکرات کے لئے ایک میز پر لانے کے لیے کی گئی محنت کے بارے میں تفصیل بتائی۔ یہ یقینی طور پر امریکا کے لئے فخریہ لمحہ تھا۔











