اہم ترین

روس میں ٹیلی گرام اور واٹس ایپ پر کالز پر پابندی

روس نے ٹیلیگرام اور واٹس ایپ پر وائس اور ویڈیو کالز کو جزوی طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔

دی کیو انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق ملک کے ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹر روسکومناڈزور نے دعویٰ کیا کہ واٹس ایپ اور ٹیلیگرام روس میں دھوکہ دہی، پیسوں کی وصولی اور شہریوں کو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے اہم ذرائع بن گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے ان ایپس سے وائس اور ویڈیو کالز پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

اس پابندی کی سفارش مبینہ طور پر پہلے ہی ملک کے بڑے ٹیلی کام آپریٹرز کی جانب سے کی جا چکی تھی۔ آپریٹرز نے ساز و سامان کی بڑھتی قیمت، دیکھ بھال کے اخراجات، موبائل ڈیٹا ٹریفک میں اضافہ اور مشکوک سرگرمیوں کو بلاک نہ کرنے کی صورت میں قانونی ذمہ داری کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا تھا۔

جون میں روس صدر ولادیمیر پوتن نے ایک قانون پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت حکومت کی جانب سے تیار کردہ میکس میسنجر کو قومی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر لانچ کیا جائے گا۔

یہ پلیٹ فارم حکومتی خدمات کے ساتھ مربوط ہوگا۔ تاہم، انسانی حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ اس کا استعمال شہریوں پر نظر رکھنے کے لیے کیا جا سکتا ہے۔

گزشتہ کچھ ہفتوں میں روسی انتظامیہ نے انٹرنیٹ بندش اور سست روی کی کارروائیوں میں تیزی لائی ہے، تاکہ یوکرینی ڈرون کی نیویگیشن میں رکاوٹ ڈالی جا سکے۔ حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ ایسے وقت میں وائرڈ انٹرنیٹ، وائی فائی، آف لائن نقشے اور نقد ادائیگی کا استعمال کریں۔

پاکستان