نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک بخوبی چل رہا ہے، استحکام اور معاشی بہتری آرہی ہے، اس لیے 27ویں آئینی ترمیم کی ضرورت نہیں ہے۔
لندن میں صحافیوں سے گفتگو کےدوران اسحاق ڈار نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں 2017 میں پاکستان ’ دنیا کی 24ویں بڑی معیشت’ تھا اور حکومت معیشت کو دوبارہ اس مقام پر لانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی تمام توجہ ملک کی شرح نمو اضافے اور ترقی پر مرکوز کر رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اب بھی 26ویں آئینی ترمیم کو ہضم کر رہے ہیں، اس لیے فی الحال 27 ویں کی ضرورت نہیں، ملک بخوبی چل رہا ہے، ملک میں استحکام ہے اور معیشت میں بہتری آ رہی ہے۔
نائب وزیراعظم ہفتے کو تین روزہ دورے پر برطانیہ پہنچے تھے، اس دوران انہوں نے برطانوی اور دولتِ مشترکہ کی قیادت سے ملاقاتیں بھی کیں۔
پیر کےروز انہوں نےلندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں اوورسیزپاکستانیوں کے لئے نئی خدمات کا افتتاح بھی کیا۔
لینڈ ریکارڈ سروسز کے ذریعے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو پنجاب ریونیو ریکارڈ تک رسائی ہوگئی۔ پاکستانی نژاد برطانوی شہری بلاک چین ٹیکنالوجی کے ذریعے پنجاب کی جائیدادوں کے ریکارڈ (فرد، ای گرداوری، ڈِیڈز) تک محفوظ رسائی اور انتظام کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ ون ونڈو پاسپورٹ سسٹم کے تحت پروسیسنگ کے وقت کو کم کر کے فی درخواست صرف 10 منٹ کردیا گیا ہے۔











