اہم ترین

عزت پیاری ہے تو ریٹائرمنٹ لے لو… حفیظ اور تنویر کا بابر کو مشورہ

ایشیا کپ کے لیے پاکستان اسکواڈ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کو شامل نہیں کیا گیا. جس کے بعد کچھ سابق پاکستانی کھلاڑیوں نے ان دونوں کو ویرات کوہلی کی مثال دیتے ہوئے ریٹائرمنٹ کی نصیحت کردی۔

ٹی20 بین الاقوامی کرکٹ میں بابر اعظم اور محمد رضوان پاکستان کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، لیکن کافی عرصے سے دونوں خراب فارم میں ہیں۔ دونوں کو پی سی بی نے اس سال ایک بھی ٹی20 میچ میں موقع نہیں دیا۔

ایشیا کپ 2025 کے لیے پاکستان اسکواڈ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کو شامل نہیں کیا گیا۔ پاکستان کے سابق فاسٹ بولر تنویر احمد نے دونوں کو ویرات کوہلی کی مثال دیتے ہوئے ریٹائرمنٹ کی نصیحت کر دی۔

انہوں نے ویرات کوہلی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان سے گزارش ہے کہ اگر انہیں لگتا ہے کہ اب انہیں عزت نہیں مل رہی تو انہیں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے۔ ویرات کوہلی ہمارے سامنے مثال ہے۔ بابر اور رضوان، عزت آپ کے ہاتھ میں ہے۔

پاکستان کے سابق کپتان محمد حفیظ نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ بابر اور رضوان اہم کھلاڑی نہیں ہیں۔ اگر وہ اہم ہوتے تو پاکستان کے لیے میچ جیتتے۔ سلمان علی آغا، صائم ایوب اور حسن نواز مسلسل اچھا پرفارم کرنے والے کھلاڑی ہیں، تو ان کے بارے میں ہم بات کیوں نہیں کرتے؟ وہ موجودہ وقت میں پاکستان ٹیم کے لیے میچ جیت رہے ہیں۔

حفیظ نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ بابر اور رضوان کو اپنے بارے میں فکر مند ہونا چاہیے اور پہلے اپنے آپ کو اچھے کھلاڑی کے طور پر ثابت کرنا ہوگا۔ دونوں ہی پہلے اچھے تھے لیکن اب وہ نتائج نہیں لا پا رہے ہیں۔

پاکستان