اہم ترین

آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے لیے 15 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان

پاکستان ویمنز کرکٹ کی قومی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز اور آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

رواں برس 30 ستمبر سے 2 نومبر تک انڈیا اور سری لنکا میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل پاکستان جنوبی افریقا کی میزبانی کرے گا ۔ دونوں ویمنز ٹیم کے درمیان 16 سے 22 ستمبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

قومی ویمنز ٹیم کی کپتانی فاطمہ ثناءکریں گی۔ وہ پہلی بار کسی بڑے ایونٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گی۔ ان کے علاوہ منیبہ علی صدیقی (نائب کپتان)، علیہ ریاض، ڈیانا بیگ، ایمان فاطمہ، نشارہ سندھو، ناتالیہ پرویز، عمائمہ سہیل، رمین شمیم، صدف شمس، صدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ ٹیم کا حصہ ہیں۔

گل فیروزہ، نجیحہ علوی، طوبیٰ حسن، امِ ہانی اور وحیدہ اختر کو ریوزرو کھلاڑیوں کے طور پر اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔

حال ہی میں آئرلینڈ کے خلاف اپنا ٹی20 ڈیبیو کرنے والی دائیں ہاتھ کی بیٹر ایمان فاطمہ، ناتالیہ پرویز، رمین شمیم، صدف شمس ، صدیہ اقبال، شوال ذوالفقار اور سیدہ عروب شاہ پہلی بار ورلڈ کپ ون ڈے میں شرکت کریں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان اپنے تمام گروپ میچ کولمبو کے آر پریما داسا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گا۔ سیمی فائنل اور فائنل تک رسائی کی صورت میں بھی پاکستان کے میچز سری لنکا میں ہی ہوں گے۔

پاکستان