اہم ترین

طاقتور ہونے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں : سربراہ ایرانی فوج

ایران کی فوج کے سربراہ میجر جنرل امیر حاتمی کا کہنا ہے کہ طاقتور تر ہونے کے علاوہ ہمارے سامنے کوئی دوسرا راستہ نہیں۔

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق دارالحکومت تہران میں ڈاکٹروں کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ایران پر صیہونی حکومت کی مسلط کردہ جنگ کے دوران فوج کی میڈیکل اور امدادی ٹیمیں سپاہیوں کے شانہ بشانہ صف اول پر کھڑی رہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوج کے آپریشن تھیٹر 24 گھنٹے منحوس صیہونی حکومت کے حملوں میں زخمی ہونے والوں کو خدمات پیش کر رہے تھے۔ ملک بھر میں فوج کے ہسپتالوں نے دل و جاں سے زخمی عام شہریوں کا بھی علاج کیا اور اس طرح قوم سے اپنی محبت کا بھرپور اظہار کیا۔

میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ہم نے آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ کے دوران بھی کامیابی حاصل کی جبکہ انقلاب اس وقت نیا نیا کامیاب ہوا تھا اور اس بار جب غاصب اور بچوں کی قاتل صیہونی حکومت نے ہم پر جنگ مسلط کی تو ہم نے اس بار بھی ان کی ناک رگڑ دی۔

ایران کی فوج کے سربراہ نے کہا کہ ہم ایسی دنیا میں زندگی بسر کر رہے ہیں جہاں طاقت کا دعوے دار ملک طاقت کے ذریعے امن مسلط کرنے کا قائل ہے۔ اور اس کا مطلب ہے چوں چرا کے بغیر ہتھیار ڈالنا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی دنیا میں طاقتور سے طاقتورتر اور مستحکم سے مستحکم تر ہونے کے علاوہ ہمارے سامنے کوئی راستہ نہیں ہے۔

پاکستان