بالی ووڈ کے معرف فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کے خلاف دھوکا دہی، بدسلوکی اور اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کا مقدمہ درج ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ عالیہ بھٹ، رنبیر کپور اور وکی کوشل کی فلم ‘لو اینڈ وار’ آئندہ برس ریلیز کی جائے گی۔ فلم کی شوٹنگ مکمل ہے اور اس کی تیاری جاری ہے ۔ ان سب کے درمیان تازہ ترین رپورٹس کے مطابق یہ فلم مشکلات میں پڑ گئی ہے، کیونکہ فلم کے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی اور ان کی ٹیم کے دو دیگر ارکان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے بیکانیر میں پرتیق تاج ماتُھر نامی ایک شخص نے سنجے لیلا بھنسالی اور ان کے دو ساتھیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔
ایف آئی آر میں پرتیق تاج ماتُھر نے موقف اختیار کیا ہے کہ سنجے لیلا بھنسالی نے انہیں فلم کے لئے لائن پروڈیوسر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا، لیکن بعد میں ان کا معاہدہ منسوخ کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پرتیق تاج ماتُھر نے سنجے لیلا بھنسالی کے علاوہ فلم کے دونوں پروڈیوسرز اروند گل اور اتکرش بالی پر الزام لگایا کہ انہوں نے لائن پروڈیوسر کے طور پر کئی ذمہ داریاں دینے کے بعد بھی انہیں بغیر ادائیگی کے پروجیکٹ سے ہٹا دیا۔
دوسری جانب فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی اور ان کی ٹیم نے ابھی تک اس خبر پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔











