اہم ترین

جاپانی وزیر اعظم پارٹی تقسیم اور انتخابی شکست پر مستعفی

جاپانی وزیر اعظم شیگرو ایشیبا نے پارٹی تقسیم اور انتخابی شکست کے دباؤ میں استعفیٰ دے دیا۔ وہ ایک سال قبل وزیر اعظم بنے تھے مگر ایوانِ بالا میں اکثریت نہ ملنے سے ان کی ساکھ کمزور پڑ گئی تھی۔

غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق جاپان کے وزیر اعظم شیگرو ایشیبا نے حکمراں لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) میں بڑھتی تقسیم سے بچنے کے لیے استعفیٰ دے دیا ہے۔

جولائی میں ہونے والے پارلیمانی انتخاب میں ایل ڈی پی کو بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ان کے استعفیٰ کا مطالبہ تیز ہو گیا تھا۔

آخرکار 7 ستمبر کو ایشیبا نے اپنا عہدہ چھوڑ دیا۔ گزشتہ ایک ماہ سے وہ پارٹی کے اندر دائیں بازو کے مخالف دھڑوں کے دباؤ کا مقابلہ کرتے رہے، مگر ایوانِ بالا کی 248 نشستوں میں اکثریت نہ ملنے نے ان کی پوزیشن کمزور کر دی تھی۔

لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) میں 8 ستمبر کو قیادت کا انتخاب ہونا تھا۔ اس معاملہ پر فیصلہ لینے سے ایک روز قبل ہی ایشیبا نے استعفیٰ دے کر سب کو چونکا دیا۔

ایشیبا کے استعفیٰ کے بعد جاپان میں اس وقت تک سیاسی غیر یقینی کی صورتحال رہے گی، جب تک ایل ڈی پی کسی جانشین کا انتخاب نہیں کر لیتی۔

کئی ایل ڈی پی اراکین پارلیمنٹ خود کو اگلے وزیر اعظم کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن پارٹی کے کسی بھی رکن پارلیمنٹ کو اپنی امیدواری کے لیے کم از کم 20 دیگر اراکین پارلیمنٹ کی حمایت کی ضرورت ہوگی۔

پاکستان