پاکستان نے سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں افغانستان کو 75 رنز سے شکست دے دی ہے۔
شارجہ میں کھیلے گئے فائنل میں اکستان نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر141 رنز بنائے اور افغانستان کو جیت کے لیے 142 رنز کا ہدف ملا تاہم ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم محض 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی بیٹنگ:
سہ ملکی سیریز کے فائنل میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم پاکستان کے لیے ابتدا میں میچ کا آغاز بظاہر اچھا ثابت نہ ہو سکا تھا۔
صفر کے مجموعی اسکور پر اوپنر صاحب زادہ فرحان جو آؤٹ ہوئے تو اس کے بعد بیٹرز اس دھچکے سے سنبھل نہ سکے۔

صائم ایوب نے 17، فخر زمان نے 27 اور کپتان سلمان علی آغا نے 24 رنز بنائے۔ 12 اوور میں 72 رنز پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
آخری اوورز میں محمد نواز (25 رنز) اور فہیم اشرف (15 رنز) نے اسکور کو 141 رنز تک پہنچانے میں مدد کی۔
افغانستان کے کپتان راشد خان نے 38 رنز دے کر تین وکٹیں لیں جبکہ نور احمد اور فضل الحق فارورقی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نواز نے افغان ٹیم سمیٹ دی
142 رنز کے تعاقب میں افغانستان کا آغاز بھی پاکستان سے مختلف نہیں تھا اور پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے وکٹ کیپر بیٹر رحمان اللہ گرباز کو آؤٹ کر دیا۔
نواز نے چھٹے اوور کی پانچویں اور آخری گیند پر بالترتیب درویش رسولی (0) اور عظمت اللہ عمرزئی (0) کو آؤٹ کرنے کے بعد اپنے اگلے اور آٹھویں اوور کی پہلی گیند پر ابرایم زردان (9 رنز) کو آؤٹ کر کے افغانستان کی میچ میں واپسی ناممکن بنا دی۔

افغانستان کی محض آٹھویں اوور میں آدھی ٹیم 32 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔ 11ویں اوور تک 46 رنز پر مزید دو بیٹرز پویلین لوٹ چکے تھے۔ صرف صدیق اللہ اٹل (13 رنز) اور راشد خان (17 رنز) ہی ڈبل فگر میں داخل ہو سکے۔ افغانستان کی پوری ٹیم 16 اوور میں 66 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
محمد نواز نے 19 رنز دے کر پانچ وکٹیں لیں، جبکہ ابرار احمد اور سفیان مقیم نے دو، دو بیٹرز کو آؤٹ کیا۔